کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان قتل، خاتون سمیت 2 افراد زخمی

اپ ڈیٹ 09 جنوری 2023
کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان قتل — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان قتل — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

کراچی کے علاقے سچل گوٹھ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک اور نوجوان قتل کردیا گیا اور شہر کے مختلف علاقوں میں مزید واقعات میں خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس نے بتایا کہ کراچی کے علاقے سچل گوٹھ میں ڈکیتی مزاحمت پر ملزمان نے دکاندار کو قتل کردیا۔

پولیس حکام کے مطابق سچل گوٹھ کے علاقے بلال شاہ نورانی گوٹھ کی اسکیم 33 میں جنرل اسٹور پر ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کرکے عبدالرزاق نامی 18 سالہ نوجوان کو قتل کردیا۔

ایس ایچ او سچل گوٹھ گلبہار رند نے بتایا کہ تین ڈکیت دکان میں داخل ہوئے اور مقتول کے بھائی سے نقد رقم سمیت ضروری سامان چھین لیا جبکہ اس دوران رزاق گھر پر موجود تھا، جیسے ہی ملزمان ڈکیتی کرکے بھاگنے لگے تو رزاق بھی گھر سے نکل آیا اور ایک ڈکیت کو پکڑنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق پیٹ میں گولی لگنے کے سبب نوجوان شدید زخمی ہوگیا اور انہیں سول ہسپتال منتقل کیا گیا مگر دوران علاج زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

ہیئر ڈریسر زخمی

کراچی میں ڈکیتی کے ایک اور واقعے میں ایک ہیئر ڈریسر زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں تین ملزمان نے ایک ہیئر ڈریسر سے ڈکیتی کرنے کی کوشش کی جس پر اس نے مزاحمت کی اور ملزمان نے انہیں زخمی کر دیا۔

پاکستان بازار پولیس اسٹیشن کے افسر ریاض احمد بھٹو نے کہا کہ تین ڈکیت ایک نائی کی دکان پر آئے اور انہیں لوٹنے کی کوشش کی جس پر 19 سالہ سمیر مزاحمت کرنے پر زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کی آواز سن کر شہری اکٹھے ہو گئے اور دو ملزمان کو پکڑ کر زدوکوب کیا جبکہ ان کا تیسرا ساتھی حزیفہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا مگر بعدازاں پولیس نے پیچھا کرکے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے اس سے قبل بھی کچھ ہیئر ڈریسرز کو لوٹا تھا، جن کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار زخمی ملزم کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔

نارتھ کراچی میں ڈکیتی کے دوران خاتون زخمی

سر سید پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او شاہد تاج نے کہا کہ 60 سالہ خاتون نجمہ شجاعت بینک سے پیسے نکال کر اپنی کار میں گھر کی طرف جانے لگیں لیکن جب گھر کے دروازے کے پاس پہنچی تو ڈکیتوں نے ان سے 3 لاکھ روپے چھین لیا۔

پولیس کے مطابق جب ملزمان پیسے چھین کر فرار ہو رہے تھے تو خاتون نے ایک ملزم سے پستول چھیننے کی کوشش کی اور اس دوران پستول سے گولی چلی اور خاتون کو لگی جس سے وہ زخمی ہوگئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خاتون کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

جناح گراؤنڈ سے تشدد زدہ بوری بند لاش برآمد

پولیس نے بتایا کہ کراچی کے علاقے جناح گراؤنڈ سے بوری میں بند تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔

برگیڈ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او خالد رفیق نے کہا کہ نمائش چورنگی سے نامعلوم شخص کی بوری بند تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی جس کو ضروری کارروائی کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔

بعدازاں ایک اور افسر محسن رضا نے بتایا کہ مقتول کی شناخت فیصل یعقوب مسیح کے نام سے ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقتول کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا، تاہم مقتول کے چہرے سے نشے کا عادی لگتا ہے۔

بعد ازاں پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے بتایا کہ ہلاک شخص کو دو گولیاں لگی تھیں اور ایک گولی گردن میں لگی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے کراچی میں جرائم میں اضافہ ہونے لگا ہے جہاں ہر آئے دن شہریوں کو ڈکیتی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ کچھ واقعات میں شہریوں کی جان بھی چلی جاتی ہے۔

کراچی میں بڑھتے ہوئے جرائم اور ڈکیتی کے واقعات پر جہاں شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے وہیں سندھ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے بھی ایک سوال بن گیا ہے کہ کس طرح بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پالیا جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں