پشاور: خودکش حملہ آور، سہولت کاروں کی معلومات دینے پر ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان

اپ ڈیٹ 07 فروری 2023
پولیس لائنز پشاور کی مسجد کے اندر خودکش حملے میں کئی نمازی شہید، متعدد زخمی ہو گئے — فائل فوٹو: اے ایف پی
پولیس لائنز پشاور کی مسجد کے اندر خودکش حملے میں کئی نمازی شہید، متعدد زخمی ہو گئے — فائل فوٹو: اے ایف پی

خیبرپختونخوا کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پولیس ہیڈکوارٹرز کے اندر خودکش حملے میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری میں مدد کے لیے اطلاع فراہم کرنے والے کو ایک کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد نے پولیس لائنز کی مسجد کے اندر خودکش حملہ کیا جس کے نتیجے میں کئی نمازی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ خودکش حملہ آور اور سہولت کاروں کے بارے میں معلومات دینے والے کو ایک کروڑ روپے نقد بطور انعام دیے جائیں گے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق اس سلسلے میں اطلاع دینے والے شہری کی شناخت کو خفیہ رکھا جائے گا اور خودکش حملہ آور یا اس کے سہولت کاروں کے بارے میں معلومات دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

دوسری جانب آئی جی خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے پشاور پولیس لائنز کا دورہ کیا اور مختلف پولیس یونٹس کے لیے اختیار کیے گئے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔

صوبائی پولیس چیف کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آئی جی کے ہمراہ کیپیٹل سٹی پولیس چیف، ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

سی سی پی او پشار محمد اعجاز خان نے آئی جی کو پولیس لائنز میں آنے والوں کے لیے ریڈیو فریکوئنسی آئیڈینٹی فکیشن (آر ایف آئی ڈی) کی تنصیب اور باڈی سرچ کے علاوہ دیگر انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

آئی جی کے پی معظم جاہ انصاری کو سی ٹی ڈی دفتر کے دورے کے دوران 30 جنوری کو ہونے والے خودکش حملے کی تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں