شمالی وزیرستان میں ایک ’عسکریت پسند‘ ہلاک، دوسرا گرفتار

اپ ڈیٹ 13 مارچ 2023
سیکیورٹی فورسز نے ایک موٹرسائیکل اور 20 کلو گرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا ہے — فائل/فوٹو: آئی ایس پی آر
سیکیورٹی فورسز نے ایک موٹرسائیکل اور 20 کلو گرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا ہے — فائل/فوٹو: آئی ایس پی آر

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشنز کے دوران ایک اہم عسکریت پسند کمانڈر مارا گیا جبکہ دوسرے کو گرفتار کر لیا گیا، جو فورسز کے خلاف خودکش حملوں میں ملوث تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک موٹرسائیکل اور 20 کلو گرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے میرانشاہ کے علاقے دیرونی میں کچھ عسکریت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر آپریشن شروع کیا گیا۔

مزید بتایا کہ سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں عسکریت پسند کمانڈر مارا گیا جبکہ دیگر دو زخمی ہو گئے۔

حکام نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر دوسرا آپریشن میرعلی کے علاقے حیدر خیل میں کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے خودکش حملوں میں ملوث ایک عسکریت پسند کو گرفتار کیا۔

واضح رہے کہ 11 مارچ کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئیں مختلف کارروائیوں میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے 10 مارچ کو خیبرپختونخوا کے دو اضلاع شمالی اور جنوبی وزیرستان میں کارروائی کی۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود کی بڑی مقدار برآمد کرلی گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں