شمالی وزیرستان: دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان شہید

اپ ڈیٹ 01 اپريل 2023
آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا: فوٹو: آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا: فوٹو: آئی ایس پی آر

خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 29 سالہ سپاہی ارشاد اللہ شہید ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی جوانوں نے بہادری سے مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کے لیے ’صفائی‘ کا عمل جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت فراہم کرتی ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق شہید سپاہی کی نماز جنازہ ضلع کڑک میں ادا کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہید سپاہی کی نماز جنازہ میں ریٹائر اور حاضر سروس فوجی افسران اور رشتہ دارں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جہاں شہید اہلکار کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

درین اثنا بلوچستان کے علاقے نوشمان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع سبی کے علاقے نوشمان میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی جہاں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ نوشمان میں ایک دہشت گرد گروپ کو روکنے کے لیے 30 مارچ سے خفیہ اطلاعات پر آپریشن شروع کیا گیا، مزید کہا کہ دہشت گرد علاقے میں شہریوں کو نشانہ بنانے کے علاوہ کوئلہ کان کے مالکان کو ہراساں کرنے میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر گزشتہ دو دنوں سے دہشت گردوں کی جانب سے استعمال ہونے والے علاقے میں مختلف راستوں پر متعدد گھات لگائے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ نتیجے میں تین دہشت گردوں گروہ کو ان کے ٹھکانے کی طرف بڑھتے ہوئے روک لیا گیا جہاں کہا کہ بلاک ہونے پر انہوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود لیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں