پارٹی رہنما 21 اکتوبر کو نواز شریف کا پُرجوش استقبال کریں، مریم نواز کی ہدایت

اپ ڈیٹ 15 ستمبر 2023
مریم نواز نے کہا کہ ان کے والد وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے—ایکس/پی ایم ایل این-او آر جی
مریم نواز نے کہا کہ ان کے والد وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے—ایکس/پی ایم ایل این-او آر جی

مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے پنجاب میں پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ ان کے والد اور پارٹی سربراہ نواز شریف کا پُرجوش استقبال کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ساتھ لائیں، جو 21 اکتوبر کو لندن سے پاکستان پہنچنے والے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع پارٹی سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مریم نواز اس بارے میں زیادہ فکر مند نظر آئیں کہ 4 سالہ خود ساختہ جلاوطنی کے بعد لاہور واپس آنے والے پارٹی سربراہ کا کارکنان کی جانب سے ’تاریخی استقبال‘ ہونا چاہیے۔

اجلاس میں پنجاب اور قومی اسمبلیوں کے پارٹی ٹکٹ کے خواہش مند شرکا بھی پرجوش نظر آئے، جنہیں یہ امید ہے کہ اس بار پارٹی سربراہ کی وطن واپسی کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

ماضی میں پارٹی کے بعض سینیئر رہنما متعدد مواقع پر نواز شریف کی واپسی کی تاریخ دے چکے ہیں تاہم یہ پہلا موقع ہے جب پارٹی صدر شہباز شریف نے اپنے بڑے بھائی کی وطن واپسی کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔

اجلاس کے تمام شرکا نے سابق وزیراعظم کا تاریخی استقبال کرنے کا عہد کیا، پارٹی نے لاہور ایئر پورٹ پر نواز شریف کے استقبال کے لیے 2 لاکھ سے زائد افراد کو جمع کرنے کا ایک بھرپور ہدف مقرر کیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے نواز شریف کے استقبال کے موقع پر 10 لاکھ سے زائد افراد جمع کرنے کا بھی دعویٰ کیا حالانکہ جب رواں برس کے آغاز میں مریم نواز کئی ماہ لندن میں گزارنے کے بعد لاہور واپس آئیں تو دعوے کے برعکس سیف الملوک کھوکھر ان کے استقبال کے لیے صرف چند ہزار پارٹی کارکنان ہی جمع کر سکے تھے۔

شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ان کے والد وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے، انہوں نے کہا کہ میں عوام سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ نواز شریف کو الیکشن میں دو تہائی اکثریت دلائیں تاکہ وہ قوم کی تقدیر بدل سکیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پالیں گے، وہ ہمیشہ عوام کی توقعات پر پورا اترے ہیں، ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے اس بار بھی انہیں عوام کے واضح مینڈیٹ کی ضرورت ہے، پاکستان کے لیے اچھا وقت آنے والا ہے۔

حالیہ برسوں میں مریم نواز نے پہلی بار اپنے سیاسی مخالفین کو سبق سکھانے کے بجائے مفاہمت کی بات کی، انہوں نے کہا کہ ملک کو انتقام کی سیاست کی نہیں بلکہ اتحاد اور امن کی ضرورت ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں