کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک بک شاپ پر ڈکیتی کے دوران والد اور ان کے جوان بیٹے کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ملزم پولیس کے ساتھ ’فائرنگ کے تبادلے‘ میں ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق کورنگی میں بک شاپ پر ڈکیتی کے دوران ایک شخص اور اس کے بیٹے کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ایک مشتبہ شخص کو آج صبح پولیس کے ساتھ ’فائرنگ کے تبادلے‘ میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

زمان ٹاؤن پولیس کا کہنا تھا کہ کورنگی میں کوسٹ گارڈ اویس قرنی مسجد کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا جہاں فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا اور دوسرے کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ مارے گئے مبینہ ڈاکو کی شناخت احسن گل اور گرفتار ملزم کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی ہے اور پولیس نے اس کے قبضے سے دو پستول، گولیاں اور چھینے گئے موبائل فون برآمد کر لیے ہیں۔

زمان ٹاؤن پولیس کے پولیس ترجمان نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو انہوں نے فائرنگ کا سہارا لیا اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ دوسرے کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم احسن گل عرف ٹارگٹ عادی مجرم ہے جسے ماضی میں بھی سزا ہو چکی ہے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ ہلاک اور گرفتار ملزمان 6 ستمبر کو کورنگی میں بک شاپ پر ڈکیتی کے دوران محمد حسین اور اس کے بیٹے اسد عباس کے قتل میں ملوث تھے۔

مقتول محمد حسین امام بارگاہ زینبیہ کے صدر بھی تھے جبکہ ان کا بیٹا اسی امام بارگاہ کا جنرل سیکریٹری تھا اور وہ علاقے میں ’پرنس بک شاپ‘ چلا رہے ہیں۔

عابد حسین کی مدعیت میں درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق شکایت کنندہ کے والد اور چھوٹے بھائی اپنے ملازمین کے ساتھ بک شاپ پر موجود تھے جہاں 6 ستمبر کو چار مشتبہ افراد پہنچے اور باپ بیٹے کو گولی مار کر زخمی کر کے فرار ہو گئے۔

زخمیوں کو ابتدائی طور پر قریبی انڈس اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے، بعدازاں ان کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے جناح ہسپتال منتقل کر دی گئی تھیں۔

دوسری طرف ایف آئی آر میں اس کا ذکر ڈکیتی سے متعلق نہیں کیا گیا جبکہ پولیس نے صرف قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔

دریں اثنا آئی جی پی سندھ رفعت مختار راجا نے ملزم کو مارنے اور دوسرے کو گرفتار کرنے پر کورنگی کے ایس ایس پی اور ان کی ٹیم کو سراہا ہے۔

خیال رہے کہ 7 ستمبر کو کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک بُک شاپ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مشتبہ ڈاکوؤں نے 70 سالہ شخص اور اس کے نوجوان بیٹے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

پولیس نے اپنی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں دوہرے قتل کے پیچھے کسی فرقہ وارانہ کارروائی کا امکان مسترد کر دیا تھا۔

زمان ٹاؤن پولیس نے بتایا تھا کہ کورنگی 2 میں پرنس بک شاپ پر ڈکیتی مزاحمت کے دوران 70 سالہ محمد حسین اور اس کے بیٹے 37 سالہ اسد کو گولی مار کر زخمی کر دیا گیا، جنہیں طبی امداد کے لیے انڈس ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ رات گئے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں