پاکستان کی ’سپر اسٹار‘ ماہرہ خان نے چند سال تعلقات میں رہنے کے بعد 2 اکتوبر کو اپنے دیرینہ دوست سلیم کریم سے شادی کی تصدیق کی۔

اداکارہ نے خود تاحال شادی سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا لیکن ان کی منیجر انوشے طلحٰہ خان اور اداکارہ کے بھائی سہیل خان نے ان کی شادی کی تصدیق کی۔

ماہرہ خان نے شادی کی تقریبات کو انتہائی خفیہ رکھا اور زیادہ تر شوبز شخصیات کو بھی شادی میں نہیں بلایا۔

اگرچہ اگست 2023 میں ہی خبریں آگئی تھیں کہ اداکارہ ستمبر کے اختتام پر پنجاب کے سیاحتی مقام مری میں شادی کریں گی، تاہم اداکارہ نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا۔

اب ان کی منیجر اور بھائی نے ان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرکے ان کے رشتہ ازدواج میں بندھنے کی تصدیق کی، جس کے بعد شوبز شخصیات نے بھی انہیں نئی زندگی شروع کرنے پر مبارک باد پیش کی۔

اداکارہ کی شادی کے بعد انٹرنیٹ پر ان کے مداح ان کی جانب سے شادی پر پہنے گئے سفید رنگ کے لہنگے کی قیمت جاننے سمیت ان کے شریک حیات سے متعلق معلومات تلاش کرتے دکھائی دیے۔

اگرچہ اداکارہ نے شادی پر پہنے گئے عروسی لباس سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا، تاہم فیشن ڈیزائنر فراز منان نے اداکارہ کی شادی کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ ماہرہ خان نے ان کا تیار کردہ لباس پہنا۔

اردو اخبار جنگ کے مطابق ماہرہ خان کی شادی کے عروسی لباس سے متعلق فراز منان کے نمائندے نے کھل کر بات کرنے سے انکار کیا، تاہم انہوں نے بتایا کہ ان کی جانب سے شادی کے لیے تیار کیے جانے والے خصوصی لباس کی قیمت 35 لاکھ روپے سے شروع ہوتی ہے۔

فیشن ہاؤس کے نمائندے کی بات سے عندیہ ملتا ہے کہ ماہرہ خان کی شادی کا عروسی لہنگا 35 سے 50 لاکھ روپے کی درمیانی قیمت کا ہوگا، تاہم تصدیقی طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ انہوں نے کتنے لاکھ روپے کا لباس پہنا۔

اطلاعات کے مطابق ماہرہ خان کے لہنگے کی قیمت 35 سے 50 لاکھ کے درمیان ہے—اسکرین شاٹ
اطلاعات کے مطابق ماہرہ خان کے لہنگے کی قیمت 35 سے 50 لاکھ کے درمیان ہے—اسکرین شاٹ

اسی طرح ماہرہ خان کی شادی کے بعد زیادہ تر لوگ ان کے شریک حیات سے متعلق بھی معلومات تلاش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ماہرہ خان نے شادی سے قبل بھی اگرچہ یہ اعتراف کیا تھا کہ ان کے سلیم کریم نامی صنعت کار سے تعلقات ہیں، تاہم انہوں نے ان کے حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی تھی۔

متعدد شوبز ویب سائٹس کے مطابق سلیم کریم صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے تعلق رکھنے والے آن لائن پیمنٹ کمپنی کے مالک ہیں۔

رپورٹس کےمطابق سلیم کریم ’سم پیسا‘ نامی آن لائن پیمنٹ کمپنی کے مالک ہیں جو پاکستان سمیت دیگر 15 ممالک میں کاروباری حضرات کو باآسانی پیسوں کی ترسیل اور ادائیگی کی سہولیات فراہم کرتی ہے۔

مذکورہ کمپنی پاکستان کے علاوہ مشرق وسطیٰ، امریکا اور یورپ کے چند ممالک میں پیسوں کی ادائیگی اور ترسیل کی سہولیات فراہم کرتی ہے۔

یہ اطلاعات بھی ہیں کہ سلیم کریم اداکارہ سے کم از کم 10 سال زائد العمر ہیں، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں