اداکار فیروز خان کی سابق اہلیہ علیزہ فاطمہ سلطان نے سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہوں کو رَد کرتے ہوئے کہا کہ فیروز خان نے بچوں کے آدھے مالی اخراجات کی ذمہ داریاں اٹھائی ہوئی ہیں۔

علیزہ سلطان اور اداکارہ فیروز خان نے ستمبر 2022 میں طلاق کی تصدیق کی تھی، دونوں نے 2018 میں شادی کی تھی، 2019 میں ان کے ہاں پہلے بیٹے (سلطان) جبکہ فروری 2022 میں بیٹی (فاطمہ) کی پیدائش ہوئی تھی۔

علیزہ سلطان نے فیروز خان پر تشدد کے الزامات عائد کیے تھے جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف عدالتوں میں کیسز بھی دائر کر رکھے ہیں، جن کی سماعتیں جاری ہیں۔

طلاق ہونے کے بعد علیزے فاطمہ نے کراچی کی مقامی عدالت میں بچوں کے اخراجات دلوانے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔

ابتدائی طور پر دونوں کے درمیان بچوں کے اخراجات کے حوالے سے تنازع تھا اور عدالت نے دونوں فریقین کو اپنی رضامندی کے تحت اخراجات کے معاملات حل کرنے کے لیے وقت دیا تھا۔

تاہم اس حوالے سے عدالت نے فیصلہ سنایا تھا کہ فیروز خان اخراجات کی مد میں ماہانہ 80 ہزار روپے ادا کرنے کے پابند ہیں۔

کچھ عرصے بعد سوشل میڈیا پر یہ بھی بحث چل رہی تھی کہ فیروز خان بچوں کے اخراجات ادا نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے علیزہ سلطان خود کمانے پر مجبور ہیں۔

یاد رہے کہ فیروز خان سے علیحدگی کے بعد علیزہ سلطان نے ماڈلنگ کرنا شروع کردی تھی۔

تاہم اب اسی حوالے سے جب علیزہ سلطان نے انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کو سوال کرنے کا موقع دیا یعنی سوال اور جواب کا سیشن شروع کیا تو ایک مداح نے سوال پوچھا کہ کیا یہ سچ ہے کہ فیروز خان اپنے بچوں کے اخراجات پورے نہیں کرتے؟ اور وہ اچھے باپ نہیں ہیں؟

جس پر علیزہ سلطان نے جواب دیا کہ ’نہیں، یہ سچ نہیں ہے، وہ بچوں کے مالی اخراجات کی آدھی ذمہ داریاں اٹھانے کے پابند ہیں۔‘

سوال و جواب کے سیشن میں ایک اور مداح نے سوال پوچھا کہ آپ اپنی زندگی میں کون سی چیز تبدیل کرنا چاہتی ہیں؟

جس پر علیزہ سلطان نے جواب دیا کہ میں زندگی میں توازن قائم کرنا سیکھنا چاہتی ہوں، صبر کرنا، معاف کرنا، رشتوں میں توازن پیدا کرنا اور اچھے اور برے تجربات سے سیکھنے کے لیے دنیا اور دین میں توازن رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عام طور پر جب میں باہر جاتی ہوں تو میں سر پر دوپٹہ لیتی ہوں، لیکن اب میں انسٹاگرام پر بھی صرف وہی تصاویر پوسٹ کرنا چاہتی ہوں جس میں میرا سر دوپٹے سے ڈھانپا ہوا ہو، یعنی مکمل حجاب نہیں بلکہ صرف سر پر دوپٹہ لینا چاہتی ہوں۔

ایک اور مداح نے سوال پوچھا کہ زندگی میں سب سے بڑا پچھتاوا کیا ہے؟ جس پر علیزہ سلطان نے جواب دیا کہ ’الحمداللہ، کوئی پچھتاوا نہیں ہے، جو بھی ہوتا ہے وہ اس (اللہ) کی رحمت کا حصہ ہوتا ہے۔‘

تبصرے (0) بند ہیں