افغان کوچ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ڈراپ کیچز پر مایوس

اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2023
افغانستان کے کوچ جوناتھن ٹروٹ — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
افغانستان کے کوچ جوناتھن ٹروٹ — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

افغانستان کے کوچ جوناتھن ٹروٹ نے کہا ہے کہ اگر ہم نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں لاتعداد کیچز ڈراپ نہ کرتے تو انہیں اتنی آسانی سے میچ نہ جیتنے دیتے۔

گزشتہ روز چنئی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 149 رنز سے شکست دی جس میں افغانستان کی خراب فیلڈنگ کا اہم کردار رہا۔

افغان ٹیم نے میچز میں اہم مواقع پر چار کیچ چھوڑے اور 110 رنز پر چار کیوی کھلاڑی آؤٹ کرنے کے باوجود انہیں میچ میں 288 رنز کا کرنے کا موقع فراہم کیا۔

انگلینڈ کو اپ سیٹ شکست دے کر ٹورنامنٹ میں سنسنی پھیلانی والی حشمت اللہ شاہدی کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ناکامی کے بعد اب پوائنٹس ٹیبل پر نویں نمبر پر موجود ہے۔

افغان کوچ جوناتھن ٹروٹ نے ڈراپ کیچز کے حوالے سے کہا کہ یہ دباؤ کا نتیجہ نہیں بلکہ جب سے میں انچارج بنا ہوں یہ مسئلہ کچھ زیادہ ہی پیش آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ اعدادوشمار دیکھیں تو کیچ کرنے کے حوالے سے ہماری ٹیم بدقسمتی سے سب سے آخری نمبر پر موجود ہے، تو اس حوالے سے بہتری درکار ہے اور ہم نے اس پر ٹریننگ میں کافی کام بھی کیا ہے تاہم اب ہمیں میچز میں ایسا کرنے کی ضرورت ہے۔

افغانستان نے پہلے میچ کے دوسرے ہی اوور میں وِل ینگ کا کیچ ڈراپ کیا اور انہوں نے نصف سنچری جڑ دی، اس کے بعد افغان ٹیم نے رچن رویندرا کا بھی صفر پر کیچ گرا دیا جنہوں نے 32 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ ینگ کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے اچھی شراکت بنائی۔

110 رنز پر نیوزی لینڈ کے چار کھلاڑی آؤٹ کرنے کے بعد گلین فلپس اور ٹام لیتھم نے پانچویں وکٹ کے لیے 144 رنز جوڑے لیکن 68 رنز بنانے والے لیتھم کے نصف سنچری سے قبل افغان فیلڈرز نے دو کیچز ڈراپ کیے اور نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنا لیے۔

افغان کوچ نے کہا کہ ہم نے ول ینگ اور رویندرا کے صفر پر کیچز ڈراپ کیے جس سے حریف ٹیم کو میچ میں بہتر مومینٹم بنانے میں مدد ملی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ڈیون کونوے کو آؤٹ کر چکے تھے اور اگر یہ دونوں کیچز بھی لے لیتے تو کافی بہتر پوزیشن میں ہوتے لیکن ایسا نہ ہو سکا اور ہمیں افسوس سے ہاتھ ملتے ہوئے میدان سے واپس لوٹنا پڑا۔

افغانستان کی ٹیم اپنا اگلا میچ اتوار کو بھارت کے خلاف کھیلے گی اور اس کا اگلا مقابلہ پاکستان سے ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں