گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز پر بابر اعظم کی نجی واٹس ایپ چیٹ لیک کرنے پر سابق کرکٹر وقار یونس نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’بابر کو اکیلا چھوڑ دیں، وہ پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں۔‘

یاد رہے کہ راشد لطیف کے دعووں اور بابراعظم کی ذکا اشرف کو فون کال کرنے سے متعلق ٹی وی چینل کی جانب سے قومی ٹیم کے کپتان کا مبینہ واٹس ایپ میسج لائیو پروگرام پر نشر کیا گیا تھا۔

لائیو ٹی وی پروگرام پر نشر ہونے والا مبینہ واٹس ایپ میسج بابر اعظم اور پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کے درمیان تھا۔

قومی ٹیم کے کپتان کا واٹس ایپ میسج لائیو پروگرام کے دوران نشر کرنے پر سابق کرکٹر وقار یونس نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابر کو اکیلا چھوڑ دیں۔

انہوں نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر پروگرام کی ویڈیو شئیر کرتےہوئے لکھا کہ ’یہ کیا کرنے کی کوششش کررہے ہیں آپ لوگ؟ یہ انتہائی مضحکہ خیز ہے، خوش ہوگئے آپ لوگ؟

انہوں نے اے آر وائے کے مالک سلمان اقبال، پاکستان کرکٹ بورڈ کو ٹیگ کرتےہوئے لکھا کہ بابر اعظم کو اکیلا چھوڑ دیں، وہ پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں۔

بابر اعظم کی رضامندی کے بغیر ان کی واٹس ایپ چیٹ لیک کرنے پر صرف وقار یونس ہی نہیں بلکہ سوشل میڈیا صارفین بھی نجی ٹی وی چینل اور پروگرام کے میزبان سمیت اسپورٹس صحافی شعیب جٹ کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔

پاکستان کی اسکاش پلئیر نورینہ شمس نے ڈیجیٹل رائٹس فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور انسانی حقوق کی نامور کارکن نگہت داد کو ٹیگ کرتےہوئے لکھا کہ ’یہ سائبر کرائم ہے، کسی کی رضامندی کے بغیر اس کی چیٹ لیک کرنے پر سزا بھی ہوتی ہے، یہ ہمارے ملک کے نامور کھلاڑیوں میں سے ایک کے ساتھ ہوا ہے، چیٹ کو لیک کرنے میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے۔‘

ان کی ٹوئٹ کے جواب میں نگہت داد نے کہا کہ پرائیویسی کی خلاف ورزی کرنے اور اجازت کے بغیر نیشنل ٹی وی پر نجی چیٹ کو لیک کرنے کے خلاف بابر اعظم کو شکایت درج کروانی چاہیے، وہ اس معاملے میں ٹی وی چینل کو بطور فریق شامل کریں۔

اس دوران سلطان خان نامی صارف نے بابر اعظم کی چیٹ لیک سے متعلق سوال اٹھائے، انہوں نے لکھا کہ ’سلمان نصیر نے بابر اعظم کی چیٹ لیک کرکے ذکا اشرف کو کیوں دی؟، ذکا اشرف نے بابر اعظم کی چیٹ صحافی کو کیوں لیک کی؟، اے آر وائے نے بابر اعظم کی نجی چیٹ اپنے چینل پر آن ائیر کیوں کی؟، ذکا اشرف نے کیوں کہا کہ بابر اور سلمان نصیر کی چیٹ لیک کردیں؟‘

معاملہ کیا ہے؟

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بابر اعظم اور سلمان نصیر کے درمیان واٹس ایپ پیغام راشد لطیف کے دعوے کے بعد سامنے آیا تھا۔

کچھ روز قبل قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے پی ٹی وی اسپورٹس کے پروگرام ’گیم آن ہے‘ میں دعویٰ کیا تھا کہ بابر اعظم دو دن سے چیئرمین پی سی بی کو میسج کر رہے ہیں لیکن وہ رپلائی نہیں کررہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ چیئرمین بی سی بی سلمان نصیر اور عثمان والا کو جواب دے رہے ہیں لیکن کیا وجہ ہے کہ وہ اپنے کپتان کو رپلائی نہیں کررہے۔

اسی سے متعلق اب پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف راشد لطیف کے دعوے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کسی ایجنڈے کا حصہ ہوسکتا ہے۔

بعدازاں اے آر وائے کے پروگرام میں وسیم بابر اعظم اور سلمان نصیر کے درمیان ہونے والی گفتگو کا اسکرین شاٹ شئیر کیا گیا، جس کے بارے میں میزبان وسیم بادامی نے دعویٰ کیا کہ یہ اسکرین شاٹ ذکا اشرف کے کہنے پر نشر کیا گیا تھا۔

واٹس ایپ میسج کے اسکرین شاٹ کے مطابق سلمان نصیر بابر اعظم سے کہتے ہیں کہ ’بابر ٹی وی اور سوشل میڈیا پر یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ آپ چیئرمین کو فون کر رہے ہیں اور وہ جواب نہیں دے رہے، کیا آپ نے انہیں فون کال کی تھی؟

جس پر مبینہ طور پر بابراعظم رپلائی کرتے ہیں کہ ’سلام سلمان بھائی، میں نے تو سر کو کوئی کال نہیں کی‘۔

یہ واضح نہیں ہے کہ آیا بابراعظم نے اپنا ذاتی پیغام لائیو ٹی وی پر شیئر کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے یا نہیں، کیوں کہ نجی پیغامات لیک کرنا پرائیویسی کی خلاف ورزی سمجھا جاتا ہے۔

اسی پروگرام کے دوران پاکستان کے سابق کرکٹر اظہر علی نے سوال اٹھایا کہ کیا پی سی بی کے سربراہ یا ٹی وی چینل نے بابر اعظم کا ذاتی پیغام براہ راست نشر کرنے سے پہلے ان کی رضامندی لی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں