سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت سے کسی کو لاپتا نہ کرنے کی یقین دہانی مانگ لی

06 جنوری 2024
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ ساتھ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی بینچ کا حصہ ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ ساتھ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی بینچ کا حصہ ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی

سپریم کورٹ آف پاکستان نے لاپتا افراد، جبری گمشدگیوں کے خلاف کیس کی سماعت کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے کسی کو لاپتا نہ کرنے کی یقین دہانی مانگ لی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے لاپتا افراد اور جبری گمشدگیوں سے متعلق کیس کا حکمنامہ جاری کردیا جسے چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسٰی نے تحریر کیا ہے۔

سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت سے کسی کو لاپتا نہ کرنے کی یقین دہانی مانگتے ہوئے ہدایت کی کہ حکومت تحریری یقین دہانی عدالت میں جمع کرائے۔

حکمنامے میں کہا گیا کہ کسی بھی شہری کو قانون سے ماورا نہیں اٹھایا جائے گا۔

حکمنامے میں اسلام آباد میں احتجاج کرنے والوں سے پولیس کے ناروا سلوک پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہمارے علم یں لایا گیا کہ عدالتی چھٹیوں میں پرامن مظاہرین پر تشدد کیا گیا، یہ عدالت اس معاملے کا سختی سے نوٹس لیتی ہے کیونکہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے۔

سپریم کورٹ نے پولیس کو اسلام آباد میں پرامن احتجاج کرنے والوں پر پولیس کو ناروا سلوک سے روک دیا۔

واضح رہے کہ نئے سال کے پہلے دن سپریم کورٹ آف پاکستان نے لاپتا افراد و جبری گمشدگیوں کے خلاف کیس سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے دو جنوری کو مقدمے کی سماعت کی تھی۔

سماعت کے دوران سپریم کورٹ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے تھے کہ یہ بہت ضروری اور اہم کیس ہے، یہ مسئلہ حل ہوگا جب ہم سب مل کر کریں گے، اس مقدمے کو سیاسی نہ بنائیں کیونکہ یہ سنجیدہ مسئلہ ہے۔

چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے تھے کہ اعتزاز احسن کی درخواست میں سیاست جھلک رہی ہے، سب ذمہ داری قبول کریں، پاکستان کو اندرونی طور پر مضبوط کرنا ہے، اب اس مسئلے کا حل نکالنا ہے۔

اس کیس کی 3 جنوری کو ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس نے کہا تھا کہ ماضی میں جو کچھ ہوا اس کا ذمہ دار آج والوں تو نہیں ٹھہرا سکتے، ہم مسئلے کا حل ڈھونڈنے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت کو کمیشن کے پروڈکشن آرڈر پر جواب دینا چاہیے، کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تمام پروڈکشن آرڈر بارے تفصیلی رپورٹ دیں، لاپتہ افراد کیس میں ذاتی مسئلے نہیں سنیں گے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے وزیرستان میں 6 حجاموں کے قتل کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیا قتل کرنے والے کو خدا کا خوف نہیں ہوتا؟ 6 نائی قتل کر دیے گئے لوگوں کو خوف ہی نہیں ہے، قتل کرنے والے یہاں سزا سے بچ سکتے آخرت میں تو جواب دینا ہوگا، بلوچستان میں 46 زائرین کو مار دیا جاتا ہے۔

عدالت نے مقدمے کی سماعت 9جنوری تک ملتوی کردی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں