عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے رواں مالی سال کے دوران پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافے جبکہ بجٹ خسارے، بے روزگاری اور مہنگائی کم ہونے کی توقع ظاہر کی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی اعشاریوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے گزشتہ سال کے مقابلے میں معاشی شرح نمو میں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ محصولات اورگرانٹس میں اضافہ ہوسکتا ہے لیکن اخراجات بڑھنے کا امکان بھی ہے۔

آئی ایم ایف نے رپورٹ میں بتایا کہ رواں مالی سال پاکستان میں مہنگائی کی اوسط شرح 18.5 فیصد رہنےکا امکان ہے، گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں اوسط مہنگائی 29.4 فیصد رہی تھی۔

اسی طرح رواں مالی سال پاکستان میں بے روزگاری کی شرح 8 فیصد رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، یہ شرح گزشتہ مالی سال کے دوران 8.5 فیصد رہی تھی۔

آئی ایم ایف کے مطابق رواں مالی سال محصولات اور گرانٹس بڑھ کر جی ڈی پی کے 12.5 فیصد رہ سکتی ہیں، گزشتہ مالی سال محصولات اور گرانٹس جی ڈی پی کے11.5 فیصد رہی تھیں۔

آئی ایم ایف نے امکان ظاہر کیا کہ رواں مالی سال بجٹ خسارہ کم ہو کر جی ڈی پی کے 7.6 فیصد رہ سکتا ہے، یہ گزشتہ مالی سال 7.7 فیصد رہا تھا۔

آئی ایم ایف نے بتایا کہ رواں مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 1.6 فیصد تک رہ سکتا ہے، گزشتہ مالی سال پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے0.7 فیصد تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں