مصنوعات کی فروخت کے لیے ڈیجیٹل رسیدیں لازمی قرار دینےکا فیصلہ کرلیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کا اطلاق یکم فروری 2024 سے ہوگا، نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ڈیجیٹل انوائس کا اطلاق فاسٹ موونگ کنزیومرز گڈز کی فروخت پر ہوگا۔

واضح رہے کہ فاسٹ موونگ گڈز سے مراد وہ اشیا ہوتی ہیں جن روزانہ کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر خرید و فروخت کی جاتی ہے، ان میں اشیائے خورو نوش، ادویات، ڈیری مصنوعات وغیرہ شامل ہوتی ہیں۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیا فروخت کرنے پر ڈیجیٹل انوائس کی شرط ہوگی، رجسٹرڈ افراد کو سیلز ٹیکس انوائس جمع کروانی ہوں گی، فیصلے کا اطلاق اشیائے ضروریہ کے درآمد کنندگان اور مینیوفیکچررز پر ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق روزمرہ استعمال کی اشیا فروخت کرنے والے ہول سیلرز اور ڈیلرز پر بھی اس فیصلے کا اطلاق ہوگا، اشیا زیادہ تعداد میں درآمد اور سپلائی کرنے والے ریٹیلرز پر بھی فیصلہ لاگو ہوگا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ادویات کی مینوفیکچرنگ، امپورٹ، ریٹیل، ہول سیل پر بھی ڈیجیٹل انوائس لازمی ہوگی، بیوٹی اینڈ پرسنل کیئر اشیا کے مینوفیکچررز، امپورٹرز کے لیے ڈیجیٹل انوائس لازمی ہوگی، اطلاق ہوم کیئر اور ڈیری مصنوعات کے ہول سیلرز، ڈیلرز اور ریٹیلرز پر بھی ہوگا۔

بچوں کی خوراک کی فروخت کے لیے بھی ڈیجیٹل انوائس لازمی ہوگی، فروزن ڈیزرٹس کی فروخت پر بھی ڈیجیٹل انوائس ضروری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں