ڈسکوز صارفین کیلئے بجلی 5 روپے 62 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست

اپ ڈیٹ 16 جنوری 2024
نیپرا کا کہنا ہے کہ سی پی پی اے کی درخواست کی سماعت 31 جنوری کو ہوگی—فائل فوٹو: ڈان نیوز
نیپرا کا کہنا ہے کہ سی پی پی اے کی درخواست کی سماعت 31 جنوری کو ہوگی—فائل فوٹو: ڈان نیوز

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو سابق واپڈا تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) صارفین کے لیے بجلی 5 روپے 62 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دے دی۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق سی پی پی اے کی جانب سے نیپرا کو یہ درخواست دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔

درخواست کی منظوری سے صارفین پر 49 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا، نیپرا کا کہنا ہے کہ سی پی پی اے کی درخواست کی سماعت 31 جنوری کو ہوگی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دسمبر 2023 میں مقامی سستے ایندھن کے ذرائع سے تقریباً 75 فیصد بجلی کی فراہمی کے باوجود یہ بظاہر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں سی پی پی اے کی جانب سے سب سے زیادہ اضافے کا مطالبہ ہے۔

نیپرا کی جانب سے منظوری کے بعد فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں یہ اضافہ صارفین کے فروری کے بلوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں