بلوچستان کے شہر گوادر میں تقریباً 5 گھنٹوں سے زائد وقت سے جاری بارش کے سبب سڑکیں ایک بار پھر تالاب بن گئیں۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق رات گئے سے وقفے وقفے سے جاری بارشوں کا پانی گلی محلوں میں جمع ہوگیا، زہران، سیسدی، چوڑ اور ملحقہ علاقوں کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

موسلا دھار بارشوں سے دشت کی رابطہ سڑکیں ایک بار پھر بند ہوگئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے اختتام سے رواں ماہ کے آغاز تک بھی گوادر میں موسلا دھار بارشیں ہوئی تھیں جن کے سبب سیکڑوں مکانات پانی میں ڈوب گئے تھے اور اطراف کے اضلاع بھی زیر آب آ گئے تھے۔

غیر معمولی بارشوں نے گوادر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں لوگوں کے کچے مکانات کو تباہ کیا جس کے بعد رہائشیوں کی بڑی تعداد چھت سے محروم ہوگئی، کئی لوگوں کی عمر بھر کی کمائی طوفانی بارشوں کی نذر ہوگئی۔

موسم کی صورتحال بتانے والے ماہرین نے پہلے ہی خبردار کردیا تھا کہ آئندہ چند روز میں شدید بارشیں برسانے والا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہونے والا ہے۔

شدید بارش کے پیش نظر حکومت بلوچستان نے گوادر میں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی اور شہر میں شدید بارشوں کے بعد تباہی مچانے کے بعد اسے آفت زدہ قرار دیا تھا۔

سعودی عرب کا بارش کے متاثرین کیلئے امداد کا اعلان

سعودی عرب کی جانب سے گوادر میں بارش کے متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔

سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی اور پاکستانی عوام بھائی بھائی ہیں، مشکل گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کی بھرپور مدد کریں گے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ہے، ماحولیاتی تبدیلی میں بلوچستان اور پاکستان کا کوئی حصہ نہیں، بلوچستان حکومت تملام چیلنجر کا مقابلہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ گوادر کا دورہ اور امداد کا اعلان کیا، بارش سے متاثرہ لوگوں کے نقصانات کا ازالہ کریں گے، وفاقی حکومت نے آتے ہی بلوچستان کو ریلیف دینا شروع کردیا۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ تاہم بلوچستان، گلگت بلتستان ، خیبر پختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا کہ آج 10مارچ کو موسلا دھار بارشوں کے باعث گوادر، کیچ، تربت اورپنجگور میں برساتی/مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

علاوہ ازیں بلوچستان کے شمالی اضلاع میں برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا بھی اندیشہ ہے۔

گوادر، تربت، کیچ، جیوانی، پسنی، اورماڑہ، پنجگور، خاران، قلات، خضدار، لسبیلہ ،آواران ،چاغی، نوشکی، واشک، مستونگ، سبی، نصیر آباد، ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں کوہلو، جھل مگسی، لورالائی، زیارت، کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں