سنسنی خیز مقابلے میں ملتان سلطانز کو شکست، اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل 9 کی چیمپیئن بن گئی

اپ ڈیٹ 19 مارچ 2024
فوٹو:سوشل میڈیا
فوٹو:سوشل میڈیا
—فوٹو:کرک انفو
—فوٹو:کرک انفو
—فوٹو:
—فوٹو:
—فوٹو:اے پی پی
—فوٹو:اے پی پی

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے فائنل میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف دیا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری مرتبہ پی ایس ایل چیمپئین بن گئی جب کہ ملتان سلطانز مسلسل تیسرا فائنل جینتے میں ناکام رہی ہے۔

پی ایس ایل سیزن 9 کے فائنل میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

بیٹنگ کے آغاز پر ہی ملتان سلطانز کو نقصان اٹھانا پڑا اور اس کے ابتدائی دو بلے باز صرف 14 رنز پر پویلین لوٹ گئے، دونوں کھلاڑیوں کو اسپنر عماد وسیم نے آؤٹ کیا۔

اوپنر یاسر خان 6 اور ڈیوڈ ولی 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے بعد کپتان محمد رضوان اور عثمان خان نے اسکور کو آگے بڑھانے کی کوشش لیکن زیادہ کامیاب نہیں ہوسکے، محمد رضوان 26 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بن گئے۔

ان کے بعد جونسن چالس بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹھہر سکے اور صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ملتان کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عثمان خان تھے جو 57 رنز بنا کر شاداب خان کا دوسرا شکار بنے۔

ان کے بعد اسامہ میر 6، خوشدل شاہ 11، کرس جارڈن صفر اور عباس آفریدی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ جارح مزاج بلے باز افتخار احمد 20 گیندوں پر 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس طرح سے ملتان سلطانز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنا سکی اور جیت کے لیے اسلام آباد یونائٹڈ کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف دے دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے آل راؤنڈر عماد وسیم نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ کپتان شاداب خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مارٹن گپٹل 50 اور اعظم خان 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عماد وسیم 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ نسیم شاہ نے 17 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے افتخار احمد، خوشدل شاہ نے 2،2 ڈیوڈ ولی، محمد علی اور اسامہ میر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ کوشش کریں گے بہترین کرکٹ کھیلیں، اسلام آباد تگڑی ٹیم ہے، اپنے پلان کے مطابق کھیلیں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ ہمارا پلان بولنگ کرنے کا ہی تھا، ہمارے اوپر کوئی دباؤ نہیں، اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں