پشاور ہائی کورٹ نے مخصوص نشستوں پر اراکین اسمبلی سے حلف نہ لینے پر اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی اور ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ارکان سے حلف نہ لینے کے حوالے سے توہین عدالت کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ میں جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس سید ارشد علی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عدالت نے مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لینے کا حکم دیا تھا، اس کے باوجود اراکین سے حلف نہیں لیا گیا۔

انہوں نے مؤقف اپنایا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے عدالت احکامات کی خلاف ورزی کی ہے، جس پر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

دریں اثنا عدالت نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔

پسِ منظر

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کے حلف سے مشروط کیے تھے۔

گزشتہ روز 2 اپریل کو سینیٹ کی 30 خالی نشستوں پر پولنگ کے روز خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کے معاملے پر اپوزیشن نے سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست جمع کرادی تھی۔

درخواست اپوزیشن کے احمد کریم کنڈی نے صوبائی الیکشن کمیشنر کے پاس جمع کرائی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہمارے 25 ارکان سے ابھی تک حلف نہیں لیا گیا، الیکشن ملتوی کیا جائے۔

دریں اثنا صوبائی الیکشن کمشنر نے انتخاب ملتوی کرنے کا اعلان کردیا، الیکشن کمیشن کا عملہ سامان سمیت خیبرپختونخوا اسمبلی سے روانہ ہوگیا۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں سینٹ انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیرسربراہی 5 رکنی الیکشن کمیشن نے تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس پر تمام اراکین کے دستخط بھی ہیں۔

تحریری حکم نامہ کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 218 کی شق 3 اور الیکشن ایکٹ کے تحت امیدواروں سے حلف نہ لیے جانے پر خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات ملتوی کردیے ہیں۔

حکم نامہ کے مطابق نو منتخب ارکانِ خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلف تک انتخابات روک دیے گئے ہیں۔

تحریری فیصلے میں واضح کیا گیا ہے مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں نے حلف کے لیے اسپیکر صوبائی اسمبلی سے رابطہ کیا، اس کے باوجود اسپیکر صوبائی اسمبلی نے حلف سے متعلق انتظامات نہ کیے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں