بنگلہ دیش نے مشتاق احمد کو ٹیم کا اسپن باؤلنگ کوچ مقرر کردیا

16 اپريل 2024
مشتاق احمد انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے اسپن باؤلنگ کوچ بھی رہے ہیں — فائل فوٹو
مشتاق احمد انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے اسپن باؤلنگ کوچ بھی رہے ہیں — فائل فوٹو

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان کے سابق لیگ اسپنر اور ورلڈ کپ کے فاتح مشتاق احمد کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 سے قبل ٹیم کا اسپن باؤلنگ کوچ مقرر کردیا۔

بی سی بی نے بیان میں کہا کہ ’مشتاق احمد رواں ماہ کے آخر میں زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے تیاری کے کیمپ سے قبل ٹیم میں شامل ہوں گے اور ویسٹ انڈیز اور امریکا میں ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے اختتام تک بنگلہ دیشی ٹیم کے ساتھ کام کریں گے۔‘

مشتاق احمد نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا بطور اسپن باؤلنگ کوچ حصہ بننا ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’میں اس کردار کی طرف دیکھ رہا ہوں اور اپنا تجربہ کھلاڑیوں تک پہنچانا چاہتا ہوں کیونکہ وہ کوچنگ کے قابل ہیں اور مجھے ہمیشہ یقین ہے کہ وہ دنیا کی سب سے خطرناک ٹیموں میں سے ایک ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’وہ کسی کو بھی شکست دے سکتے ہیں کیونکہ ان کے پاس صلاحیت، وسائل اور ہنر ہے،‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ان میں یہ یقین پیدا کرنے کی کوشش کریں گے اور ان کے ساتھ کام کرنے کے موقع پر ’بہت پرجوش‘ ہیں۔

مشتاق احمد انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے اسپن باؤلنگ کوچ بھی رہے ہیں اور دو سال تک گرین شرٹس کے باؤلنگ کنسلٹنٹ کے عہدے پر فائز رہے۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ساتھ اپنی چھ سالہ وابستگی کے دوران، انگلینڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ، متعدد ایشز سیریز جیتیں اور تینوں فارمیٹس میں آئی سی سی ٹیم رینکنگ میں سرفہرست رہی۔

وہ اس سے قبل کراچی کنگز، دہلی ڈیئر ڈیولز اور سرے کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں