شائع 17 فروری 2024 06:24pm

غزہ جنگ: روس کی حماس اور دیگر فلسطینی گروپوں کو ماسکو کے دورے کی دعوت

روس نے غزہ جنگ اور مشرق وسطیٰ میں دیگر مسائل پر بات چیت کے لیے حماس اور دیگر فلسطینی گروپوں کو ماسکو کے دورے کی دعوت دے دی۔

ماسکو نے برسوں سے خطے کے تمام بڑے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کی کوشش کی ہے اور غزہ میں جاری جنگ کے دوران اسرائیل اور اس کے مغربی حمایتیوں پر تنقید میں اضافہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق روسی نیوز ایجنسی ’طاس‘ نے روسی نائب وزیر خارجہ اور مشرق وسطیٰ کے لیے صدر ولادیمیر پیوٹن کے نمائندہ خصوصی میخائیل بوگودانوف کے حوالے سے کہا ہے کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث انہوں نے تمام فلسطینی نمائندوں اور خطے کے دیگر ممالک بشمول شام، لبنان اور دیگر ممالک کے سیاسی رہنماؤں کو 29 فروری کو دورہ روس کی دعوت دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے تمام فلسطینی نمائندوں کو مدعو کیا ہے، تمام سیاسی قوتوں کو جن کی شام، لبنان اور خطے کے دیگر ممالک میں اپنی پوزیشنز ہیں۔‘

دورے کے لیے مدعو کیے جانے والوں میں حماس اور فلسطینی اسلامی جہاد، الفتح اور وسیع تر فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) کے نمائندے شامل ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق روس نے اس سے پہلے اسرائیل غزہ جنگ کے آغاز میں بھی حماس کی قیادت کو روس کے دورے کی دعوت دی تھی۔

شائع 04 دسمبر 2023 10:00pm

فلسطینی اور اسرائیلی نمائندوں کا اقوام متحدہ میں ایک دوسرے پر ’نسل کشی‘ کا الزام

اقوام متحدہ میں اسرائیل اور فلسطینی نمائندوں نے ایک دوسرے پر ’نسل کشی‘ کے الزامات عائد کرتے ہوئے غزہ کی صورتحال پر بین الاقوامی ردعمل کا مطالبہ کیا۔

خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق جنیوا میں اسرائیلی مشن کی قانونی مشیر ییلا سائٹرن نے اقوام متحدہ کے یورپی ہیڈکوارٹرز میں جمع سفارت کاروں کو بتایا کہ ’7 اکتوبر کو حماس کے حملے نسل کشی کے نظریے سے متاثر ہوکر کیے گئے تھے۔‘

دوسری جانب فلسطینی نمائندہ دیما اسفور نے کونسل کے سامنے اصرار کیا کہ اسرائیل کی بڑے پیمانے پر بمباری کی مہم اور زمینی کارروائی کے نتیجے میں ’انسانی ساختہ تباہی نسل کشی کا درسی کتاب میں بیان کیا جانے والا کیس‘ ہے۔

شائع 04 دسمبر 2023 09:17pm

شمالی غزہ کے دو اسکولوں پر اسرائیلی حملے میں 50 فلسطینی جاں بحق ہوگئے، رپورٹ

فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’وفا‘ نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے شمال میں دراج محلے میں بے گھر لوگوں کو پناہ دینے والے دو اسکولوں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 50 افراد جاں بحق ہو گئے۔

آزادانہ طور پر رپورٹ کی تصدیق فوری طور پر ممکن نہیں ہوسکی۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ اس رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں۔

شائع 04 دسمبر 2023 02:50pm

غزہ: رہا ہونے کے بعد 6 تھائی شہری وطن واپس پہنچ گئے

حکام نے بتایا کہ حماس کے ہاتھوں غزہ پٹی میں اغوا کیے گئے اور کئی ہفتوں تک گرفتار رہنے والے6 تھائی باشندے اپنے ملک واپس پہنچ گئے۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق کم از کم 32 تھائی باشندوں کو حماس نے اٹھا لیا تھا، بنکاک کی وزارت خارجہ اور تھائی مسلم گروپ ان کی رہائی کے لیے بات چیت کر رہے ہیں، تھائی لینڈ کے 17 یرغمالی گزشتہ ہفتے واپس لوٹے تھے، انہیں عارضی جنگ بندی کے دوران رہا کیا گیا جس میں یکم دسمبر کو جنگ بندی کی میعاد ختم ہونے سے پہلے ہی سیکڑوں افراد کو رہا کیا گیا۔

حماس کی طرف سے ان کی رہائی کے بعد سے 6 افراد اسرائیل کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

وزارت خارجہ کے مطابق رہا ہونے والوں میں سے 5 افراد کی فوری طور پر مملکت کے ارد گرد اپنے آبائی شہروں میں منتقلی کی امید ہے۔

شائع 04 دسمبر 2023 02:32pm

بنجمن نیتن یاہو پر جنگی مجرم کے طور پر مقدمہ چلایا جائے گا، صدر طیب اردوان

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ غزہ پٹی میں جاری اسرائیلی جارحیت پر اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو پر جنگی مجرم کے طور پر مقدمہ چلایا جائے گا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں طیب اردوان کا کہنا تھا کہ غزہ فلسطینی سرزمین ہے اور ہمیشہ فلسطینیوں کی ہی رہے گی۔

شائع 04 دسمبر 2023 02:19pm

ایران شام میں پاسداران انقلاب کی ہلاکتوں کا جواب دے گا، وزیر خارجہ

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک شام میں پاسداران انقلاب کی ہلاکتوں کا جواب دے گا۔

اسرائیل کے ہاتھوں شام میں گزشتہ ہفتے دو ایرانی پاسداران انقلاب کی ہلاکت کے بارے میں پوچھے جانے پر وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے کہا ہے کہ ایران شام میں اپنے مفادات پر حملوں کا جواب دے گا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ شام میں ایران کے مفادات اور ہماری ایڈوائزری فورسز کے خلاف ہر اقدام کا جواب دیا جائے گا۔

شائع 04 دسمبر 2023 02:13pm

غزہ میں مزید 3 فوجی ہلاک، مجموعی تعداد 75 ہوگئی، اسرائیلی فوج

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں لڑائی میں مزید تین فوجی مارے گئے ہیں جس کے بعد 7 اکتوبر کو تنازع شروع ہونے کے بعد سے فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 75 ہو گئی ہے۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فوج نے بتایا کہ تینوں اہلکار اتوار کو شمالی غزہ میں ہلاک ہوئے، ان ہلاکتوں سے 7 اکتوبر سے اب تک ہلاک ہونے والے اسرائیلی دفاعی اہلکاروں کی مجموعی تعداد 401 ہو گئی۔

شائع 04 دسمبر 2023 12:48pm

حکام کی جانب سے اسرائیل کی شرکت کی مخالفت کے بعد انڈونیشیا کی انڈر 20 ورلڈ کپ کی میزبانی میں دلچسپی

حکام کی جانب سے اسرائیل کی شرکت کی مخالفت کے بعد انڈونیشیا نے انڈر 20 ورلڈ کپ کی میزبانی میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق صدر نے کہا کہ انڈونیشیا فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا کو اظہار دلچسپی کا اعلامیہ بھیجے گا جس میں سنگاپور کے ساتھ 2025 کے انڈر 20 ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کی کوشش کی جائے گی۔

یہ فیصلہ مسلم اکثریتی ملک انڈونیشیا سے رواں اس سال کے شروع میں ٹورنامنٹ کی میزبانی کے حقوق چھیننے کے بعد سامنے آیا ہے جس کی وجہ بعض سرکاری عہدیداروں کی طرف سے اسرائیل کی شرکت کی مخالفت کی گئی تھی۔

شائع 04 دسمبر 2023 12:05pm

جنوبی غزہ میں حملے اتنے ہی جابرانہ ہیں جتنے شمالی غزہ نے برداشت کیے،ترجمان یونیسیف

اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف)کے ترجمان جیمز ایلڈر نے کہا ہے کہ جنوبی غزہ،جہاں کے رہائشیوں کو نقل مکانی کے لیے کہا جا رہا ہے،میں ہونے والے اسرائیلی حملے ہر حد تک اتنے ہی جابرانہ ہیں جتنے شمال نے برداشت کیےہیں۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر لکھاکہ کسی نہ کسی طرح، یہ بچوں اور ماؤں کے لیے بدتر ہو تا جارہا ہے،ساتھ ہی انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ بچوں کے خلاف اس جنگ کو روکنے کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔

شائع 04 دسمبر 2023 11:50am

امریکا میں نوجوان طبقہ، خواتین کی اکثریت غزہ پر اسرائیلی حملوں کی مخالف

امریکا میں پولسٹر گیلپ کے سروے سے معلوم ہوتا ہے کہ امریکی خواتین اور نوجوان طبقے کی اکثریت غزہ پر اسرائیل کے حملوں کو ناپسند کرتی ہے۔

’ٹی آر ٹی ورلڈ‘ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کیے گئے سروے کے رواں ہفتے نتائج جاری کیے گئے جس کے مطابق ایک ہزار 13 جواب دہندگان میں سے 52 فیصد خواتین اور 18 سے 34 سال کی عمر کے 67 فیصد بالغ افراد اسرائیل کے حملوں کی حمایت نہیں کرتے۔

44 فیصد خواتین جبکہ 59 فیصد مردوں نے اسرائیل کے حملوں کی حمایت کی، 37 فیصد بالغ مردوں نے اسرائیلی بمباری کی مخالفت کی۔

شائع 04 دسمبر 2023 11:45am

غزہ کے وسطی اور شمالی علاقوں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے،اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ کے وسطی اور شمالی علاقوں کو جنوب سے مکمل طور پر منقطع کر دیا ہے جس کی وجہ سے ضروری امداد کی ترسیل رک گئی ہے۔

ایک رپورٹ میں ایجنسی نے بتایا کہ 3 دسمبر کو رفح گورنریٹ غزہ میں وہ واحد مقام تھا جہاں بنیادی طور پر آٹے اور پانی کی محدود امداد کی تقسیم ہوئی، ملحقہ خان یونس گورنریٹ میں جنگ کی شدت کی وجہ سے امداد کی تقسیم بڑی حد تک روک دی گئی ہے۔

شائع 04 دسمبر 2023 11:30am

7 اکتوبر کے بعد ہر 3 میں سے ایک اسرائیلی کا ذہنی بیماری میں مبتلا ہونے کا انکشاف

اسرائیل اور نیویارک کی حالیہ تحقیق میں انکشاف میں ہوا ہے کہ 7 اکتوبر کو حماس کے حملے اور اسرائیل کی غزہ میں مسلسل بمباری کے بعد ہر تین میں سے ایک اسرائیلی میں ’پوسٹ ٹرومیٹک اسٹریس ڈس آرڈر‘ (پی ٹی ایس ڈی) نامی ذہنی بیماری کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق یہ تحقیق اسرائیل کی اچوا اکیڈمک کالج حیفہ یونیورسٹی اور نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی کے محققین کی جانب سے کی گئی۔

الجزیرہ کی رپورٹ میں اسرائیل کی رپورٹ کا حوالہ دیا گیا کہ تحقیق میں 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے 420 اسرائیلیوں سے غزہ میں حملوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والی جنگ کے بارے میں سروے کیا گیا۔

سروے کے نتائج سے معلوم ہوا کہ 34 فیصد اسرائیلیوں میں پی ٹی ایس ڈی کی علامات تھیں۔

رپورٹ کے مطابق وہ لوگ جو ان حملوں سے براہ راست متاثر ہوئے یا جنہوں نے اپنے کسی قریبی رشتہ دار کو کھو دیا، ان میں سے 50 فیصد سے زائد اسرائیلی پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر کی علامات میں مبتلا ہیں۔

مزید پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

شائع 04 دسمبر 2023 10:35am

اسرائیلی فورسز کی شمالی غزہ میں 2 ایمبولینسوں پر فائرنگ، 3 زخمی

فلسطینی ہلال احمر نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ میں 2 ایمبولینسوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 شہری زخمی ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امدادی سوسائٹی نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ کے علاقے فلوجہ میں دو ایمبولینسوں پر فائرنگ کی جس سے فلسطینی ہلال احمر کے طبی عملے کے دو ارکان اور ان کے ہمراہ موجود ایک زخمی شخص مزید زخمی ہو گیا۔

شائع 04 دسمبر 2023 09:48am

اسرائیلی فورسز کی غزہ میں کئی مقامات پر بمباری، متعدد افراد جاں بحق

غزہ کے شمال میں واقع جبالیہ پناہ گزین کیمپ ان مقامات میں شامل ہے جن کو اسرائیلی فورسز نے فضا سے بمباری کا نشانہ بنایا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ اسرائیل کے فضائی حملے میں متعدد افراد جاں بحق ہوگئے۔

فوٹیج میں ایک لڑکے کو مٹی میں اٹے ہوئے دکھایا گیا، جو منہدم عمارتوں کے ملبے کے درمیان بیٹھا رو رہا تھا، اس نے روتےہوئے بتایا کہ میرے والد کو شہید کر دیا گیا ہے۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ جنگی طیاروں سے بمباری غزہ کے جنوب میں واقع خان یونس اور رفح پر بھی کی گئی، ہسپتال میں زخمیوں کی بےتحاشہ تعداد موجود ہے جن کو طبی امداد فراہم کرنے کے میں مشکلات درپیش ہیں۔

شائع 04 دسمبر 2023 08:17am

غزہ کے جنوب میں اسرائیلی فورسز کی جارحانہ زمینی کارروائی جاری

غزہ میں اسرائیلی فورسز اور حماس کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ کے جنوب میں پناہ گزینوں سے بھرے علاقے میں ایک منصوبہ بند زمینی کارروائی شروع ہوگئی ہے، اسرائیلی بمباری میں درجنوں فلسطینی جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق حماس نے کہا کہ جنوبی شہر خان یونس سے تقریباً 2کلومیٹر کے فاصلے پر اس کے جنگجوؤں کی اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ ہوئی۔

رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہیں ٹینک کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں اور خدشہ ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایک نیا زمینی حملہ کیا جا رہا ہے۔

اسرائیلی فوج نے اس سے قبل لوگوں کو شہر کے اندر اور اس کے آس پاس کے کچھ علاقوں کو خالی کرنے کا حکم دیا تھا لیکن جنوبی علاقے میں کسی نئے زمینی حملے کا کوئی اعلان نہیں کیا تھا۔

ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیل ہگاری نے تل ابیب میں صحافیوں کو بتایا کہ اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) غزہ میں حماس کے مراکز کے خلاف اپنی زمینی کارروائی آگے بڑھا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فورسز ’دہشت گردوں‘ سے آمنا سامنا کر رہی ہیں اور انہیں مار رہی ہیں۔

شائع 04 دسمبر 2023 12:23am

یمن کے حوثی باغیوں کا دو اسرائیلی جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

یمن کے حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر میں یمنی ساحل کے قریب دو اسرائیلی جہازوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان جہازوں کو غزہ میں جنگ کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اپنے ایک بیان میں حوثی باغیوں نے کہا کہ ہم نے بحیرہ احمر میں دو اسرائیلی جہازوں کو نشانہ بنایا ہے جہاں پہلے جہاز کو میزائل اور دوسرے کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا۔

شائع 03 دسمبر 2023 10:53pm

قطر کا غزہ میں اسرائیلی جرائم کی جامع اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ

اسرائیل کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن التھانی نے غزہ میں اسرائیلی جرائم کی فوری طور پر جامع اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق قطری وزیر اعظم نے کہا کہ قطر غزہ میں جنگ بندی اور مستقل سیز فائر کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا ۔

شائع 03 دسمبر 2023 09:35pm

اسرائیل غزہ کے شہریوں کے تحفظ کے لیے ’کوشش‘ کر رہا ہے، وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس کا خیال ہے کہ اسرائیل غزہ میں شہریوں کی ہلاکتوں کو کم کرنے کی ’کوشش‘ کر رہا ہے۔

خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق حماس کے ساتھ دوبارہ شروع ہونے والے تنازع میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد پر بین الاقوامی تشویش بڑھ گئی ہے۔

یو ایس سنڈے ٹاک شوز میں بات کرتے ہوئے قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے بھی اصرار کیا کہ امریکی انٹیلی جنس، 7 اکتوبر کو اسرائیل پر وحشیانہ حملے کے لیے حماس کے کسی بھی خفیہ، ایڈوانس بلیو پرنٹ سے بے خبر تھی جس نے تنازع کو جنم دیا۔

نیویارک ٹائمز نے گزشتہ ہفتے خبر دی تھی کہ اسرائیلی حکام نے حملہ ہونے سے ایک سال قبل ایسی دستاویز حاصل کی تھی۔

شائع 03 دسمبر 2023 08:41pm

غزہ میں اسرائیلی فوجی مہم کے آغاز سے اب تک ساڑھے 15 ہزار افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، وزارت صحت

غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیل کے فوجی حملے کے آغاز سے اب تک علاقے میں 15 ہزار 523 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق وزارت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں میں 70 فیصد خواتین اور بچے تھے، جبکہ فوجی حملوں میں 41 ہزار 316 افراد زخمی ہوئے۔

اشرف القدرہ نے کہا کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران 316 جاں بحق اور 664 زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتالوں میں پہنچایا گیا، لیکن بہت سے لوگ اب بھی ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔’

شائع 03 دسمبر 2023 07:45pm

فلسطینی ہلال احمر، غزہ کے لوگوں کو زندگی بچانے والی امداد فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت کوشاں

فلسطینی ہلال احمر کے کارکنان غزہ کے ان لوگوں کو زندگی بچانے والی امداد فراہم کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں جو اسرائیلی فورسز کی طرف سے مسلسل بڑھتی ہوئی بربریت کا شکار ہیں۔