کراچی: سندھ رینجرز نے نیو کراچی کے علاقے میں قائم ایک اسکول سے اسلحہ و گولہ بارود بڑی تعداد میں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ’پیرا ملٹری فورس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ متحدہ قومی موومنٹ لندن سے منسلک شرپسندوں نے نیو کراچی کے سیکٹر ایف الیون کے ایک اسکول میں اسلحہ و گولہ بارود چھپایا ہوا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’یہ اسلحہ و گولہ بارود شہر میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال کیا جانا تھا، لیکن رینجرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زمین میں دفن اسلحہ برآمد کرکے شرپسندوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا دیا۔‘

یہ بھی پڑھیں: نائن زیرو کے قریب بند مکان سے نیٹو کا اسلحہ برآمد

ترجمان کا کہنا تھا کہ اسکول سے برآمد ہونے والے اسلحے میں 4 ایل ایم جیز بمعہ 258 راؤنڈز، 2 آٹھ ایم ایم رائفلز بمعہ 2 میگزین، 2 سیون ایم ایم رائفلز اور ان کے 74 راؤنڈز، بارہ بور کے 5 پستول، دو 224 رائفلز، 44 بور کی ایک رائفل اور ایک میگزین، ایک 222 رائفل اور اس کے 30 راؤنڈز، 30 بور کے 2 پستول بمعہ 3 میگزین، 2 نائن ایم ایم پستول اور 2 میگزین، دو 0.22 رائفلز اور ان کے 3 میگزین، ایس ایم جیز کے 403 راؤنڈز، 0.22 رائفل کے 35 راؤنڈز اور 3 دوربین شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں