پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے الوداعی میچ (فیئرویل) کی پیشکش ٹھکرادی۔

شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں 'فیئرویل' کی پیشکش کرنے پر نجم سیٹھی کا شکریہ ادا کیا۔

بوم بوم آفریدی نے اپنے پیغام میں لکھا، 'نجم سیٹھی کی جانب سے فیئرویل کی پیشکش کا شکریہ مگر ذاتی مصروفیات کے باعث پیشکش قبول نہیں کرسکتا'۔

ان کا مزید کہنا تھا، 'میرا مقصد باعزت واپسی کا ٹرینڈ سیٹ کرنا تھا، میں خوش ہوں کہ مصباح اور یونس کو فیئرویل دیا جارہا ہے'۔

ساتھ ہی انھوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ 'یہ ٹرینڈ مستقبل میں بھی جاری رہے گا'.

واضح رہے کہ نجم سیٹھی نے اتوار (23 اپریل) کو دبئی میں ملاقات کے دوران شاہد آفریدی کو فیئرویل کی پیشکش کی تھی۔

نجم سیٹھی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ ان کی شاہد آفریدی سے ملاقات اچھی رہی اور اس دوران آل راؤنڈر کی فیئرویل کے طریقہ کار اور مستقبل میں کرکٹ کے فروغ کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔

مزید پڑھیں: الوداعی میچ کیلئے پی سی بی سے بھیک نہیں مانگوں گا، آفریدی

شاہدآفریدی نے بھی جوابی ٹوئٹر پیغام میں گفتگو کو شاندار قرار دیتے ہوئے ان کے مشوروں کی تعریف کی تھی۔

2016 میں اپنا آخری میچ کھیلنے والے شاہد آفریدی اور بورڈ کے درمیان فیئرویل میچ کے حوالے سے کافی عرصے سے تنازع چل رہا تھا جہاں سابق کپتان کے اصرار کے باوجود انہیں الوداعی میچ نہیں دیا گیا لیکن بعدازاں پی سی بی کی جانب سے انہیں فیئرویل میچ کھلانے کا عندیہ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی آفریدی کو فیئرویل دینے پر رضامند

واضح رہے کہ 398 ون ڈے اور 98 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے آفریدی نے گذشتہ برس ستمبر میں فیئرویل میچ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایک روایت قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ ملک کی خدمت کرنے والے کھلاڑیوں کو بہترین طریقے سے رخصت کیا جا سکے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'الوداعی میچ ان کا حق ہے'۔

تبصرے (0) بند ہیں