وزیر اعظم کی ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ میں غفلت کے مرتکب افراد کےخلاف محکمانہ کارروائی کی ہدایت

07 مئ 2024
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا — فوٹو: پی آئی ڈی
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا — فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ میں غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں انکوائری کمیٹی کے ارکان بشمول سیکریٹری خزانہ امداد بوسال، اویس کنڈی، نعمان خالد اور بابر مجید بھٹی شریک تھے۔

ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو ملک میں سگریٹ سازی، کھاد اور سیمنٹ کے کارخانوں میں پیداوار کی مانیٹرنگ، جعلی مصنوعات کی شناخت اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے بنایا گیا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم میں ناقص منصوبہ بندی اور نفاذ کے حوالے سے غفلت کی وجہ سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا، اتنے اہم قومی منصوبے کے نفاذ میں جلد بازی کر کے اہم شقوں کو نظر انداز کیوں کیا گیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اس سنگین غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے، لائسنسی کے ساتھ معاہدے پر فوراً نظر ثانی کی جائے، معاہدے میں تھرڈ پارٹی آڈٹ اور تنازعات کے حل کے متبادل نظام کے حوالے سے بھی شقیں شامل کی جائیں۔

انکوائری رپورٹ کے مطابق اس وقت کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور ممبر آپریشنز ان لینڈ ریونیو اس غفلت کے مرتکب پائے گئے۔

رپورٹ کے مطابق اس سنگین غلطی کی بنیادی ذمہ داری بعد ازاں انہی عہدوں پر کام کرنے والے افسران پر عائد ہوتی ہے، ناقص انتظامی نگرانی کے لیے اس وقت کے چیئرمین ایف بی آر ذمہ دار ٹھہرائے گئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں