سلطان اذلان شاہ کپ: پاکستان اور جاپان کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر

پاکستان اور جاپان کی ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر 7، 7  پوائنٹس کے ساتھ پہلی اور دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں — فوٹو: فیس بک
پاکستان اور جاپان کی ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر 7، 7 پوائنٹس کے ساتھ پہلی اور دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں — فوٹو: فیس بک

ملائیشیا میں جاری 30ویں سلطان اذلان شاہ کپ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان ہاکی میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-1 گول سے برابر ہوگیا۔

ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری سلطان اذلان شاہ کپ میں پاکستان نے اپنے تیسرے پول میچ میں جاپان کےخلاف آخری لمحات میں گول اسکور کرکے میچ ڈرا کردیا۔

پاکستان کو میچ کے 59ویں منٹ تک ایک گول کے خسارے کا سامنا تھا جو کہ جاپان کی جانب سے کھیل کے 33ویں منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعے کین ناگا یوشی نے اسکور کیا۔

تاہم پاکستان کی جانب سے کھیل کے آخری منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعے رانا وحید اشرف نے گول اسکور کرکے جاپان کی برتری کا خاتمہ کیا اور میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔

پاکستان اور جاپان کی ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر 7، 7 پوائنٹس کے ساتھ پہلی اور دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔

یاد رہے کہ 5 اپریل کو پاکستان نے سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی کپ میں لگاتار دوسری فتح حاصل کرتے ہوئے جنوبی کوریا کو باآسانی 0-4 سے شکست دے دی تھی۔

اس سے ایک روز قبل ایونٹ میں اپنے افتتاحی میچ میں ملائیشیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4-5 سے مات دی تھی۔

پاکستان نے 29ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں براؤنز میڈل حاصل کیا تھا۔

ایونٹ میں چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں میزبان ٹیم ملائشیا کے علاوہ پاکستان، جنوبی کوریا، جاپان، نیوزی لینڈ اور کینیڈا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

پاکستان اپنے پول کا چوتھا میچ کینیڈا کے خلاف کھیلے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں