بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے 17 کشمیری نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد مقبوضہ وادی میں دوسرے روز بھی ہڑتال جاری جبکہ مختلف حصوں میں کرفیو بھی نافذ کردیا گیا۔

مقبوضہ وادی میں اسکول، کالج، یونیورسٹیز بند جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ، کاروباری مراکز اور دکانیں بھی دوسرے روز بند رہیں۔

ادھر بھارت کی جانب سے حریت پسند رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور دیگر قیادت کو نظر بند کردیا گیا جبکہ محمد یاسین ملک کو گرفتار کرکے سری نگر سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: نہتے کشمیریوں کی ہلاکت کے خلاف احتجاج، حریت رہنما نظر بند

دوسری جانب کشمیر میڈیا سروسز کی رپورٹ کے مطابق آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں پر مسلح جنگ مسلط کی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے غیر انسانی اور غیر منصفانہ سلوک جاری ہے اور اس جنگ میں قابض فوجیوں کو بھارتی قیادت کی حمایت حاصل ہے۔

حریت رہنما نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیم سمیت ایمنیسٹی انٹرنیشنل سے اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت پر ہوش کے ناخن لیں اور قیمتی جانوں کے زیاں سے بچائیں۔

سید علی گیلانی نے کشمیر کے علاقے شوپیاں میں بھارتی فوج، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی جانب سے معصوم کشمیریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل بھارتی فورسز نے نہتے کشمیریوں پر فائرنگ کرکے 17 افراد کو جاں بحق جبکہ 100 سے زائد کو زخمی کردیا تھا۔

بھارتی فورسز کی جانب سے وادی کے ضلع شوپیاں اور اسلام آباد میں سرچ آپریشن کے دوران کشمیریوں کو بے دردی سے قتل کردیا گیا تھا، جس کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے تھے۔

کشمیریوں کی جانب سے بھارتی فورسز کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا جبکہ قابض فوج نے جنازوں کو بھی نہیں بخشا تھا اور مظلوم نہتے کشمیریوں کے جنازوں پر بھی شیلنگ کردی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر: بھارتی فوج کی فائرنگ سے 17 نوجوان جاں بحق

بعد ازاں بھارتی بربریت سے 17 کشمیریوں کی ہلاکت پر پاکستان کی جانب سے بھی سخت رد عمل سامنے آیا تھا اور اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ بھارت کشمیر کی آزادی کی تحریک کو طاقت سے نہیں روک سکتا۔

وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی جانب سے کہا گیا تھا کہ 'کشمیر کو خون میں نہلا دیا گیا درجنوں بیٹے شھید کر دیئے گئے کشمیری لاشیں گن رہے ہیں اور جوان جنازے اٹھا رہے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بھارتی ریاستی دہشت گردی کشمیری نوجوان کی نسل کشی کے برابر ہے جبکہ پاکستان اس آزمائش میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے'۔

تبصرے (0) بند ہیں