ایسا کونسا اسمارٹ فون صارف ہے جو واٹس ایپ کا استعمال نہیں کرتا ہوگا ؟ مگر دنیا کی مقبول ترین میسجنگ اپلیکشن آپ کے بارے میں کتنی معلومات رکھتی ہے؟

واٹس ایپ فیس بک کی زیرملکیت ایپ ہے اور فیس بک کو حالیہ مہینوں کے دوران صارفین کے ڈیٹا کے حوالے سے تنازعات کا سامنا رہا ہے جن میں کیمبرج اینالیٹیکا کا معاملہ زیادہ سنگین ہے۔

فیس بک کی طرح واٹس ایپ بھی اپنے ڈیڑھ ارب سے زائد صارفین کی معلومات کو اکھٹا کرتی ہے مگر اب کوئی بھی شخص اس بارے میں جان سکتا ہے، جس کے لیے یورپی یونین کی نئی ڈیٹا پرائیویسی کا شکر گزار ہونا چاہئے جس کا اطلاق 25 مئی سے ہورہا ہے۔

مزید پڑھیں : فیس بک پر آپ کی ذاتی معلومات تک کس کو رسائی حاصل ہے؟

یورپین جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن (جی ڈی پی آر) کے مدنظر واٹس ایپ اپنے تمام صارفین کو ڈیٹا ڈاﺅن لوڈ کرنے کا موقع فراہم کررہی ہے اور اس فیچر کو ابھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ہوسکتا ہے کہ کچھ افراد ابھی ایسا نہ کرپائے مگر بہت جلد وہ بھی اسے استعمال کرسکیں گے۔

ڈیٹا کیسے ڈاﺅن لوڈ کریں؟

واٹس ایپ اوپن کرکے سیٹنگز میں جائیں اور وہاں اکاﺅنٹس کے آپشن پر کلک کریں، وہاں Request account info کے آپشن پر کلک کرکے ریکوئسٹ رپورٹ کا انتخاب کریں۔

اگر Request account info کا آپشن نظر نہ آئے تو چند دنوں میں نظر آنے لگے گا۔

ریکوئسٹ رپورٹ کا انتخاب کرنے کے بعد واٹس ایپ کی جانب سے رپورٹ کے لیے 3 دن کے انتظار کا کہا جائے گا تاہم عام طور پر یہ رپورٹ چند گھنٹوں بعد ہی موصول ہوجاتی ہے۔

جب رپورٹ دستیاب ہوتی ہے تو واٹس ایپ کی جانب سے نوٹیفکیشن موصول ہوتا ہے جس میں دستیابی کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ یہ رپورٹ کتنے دنوں تک ڈاﺅن لوڈ کے لیے دستیاب ہوگی (چند ہفتوں بعد اسے کمپنی اپنے سرور سے ڈیلیٹ کردیتی ہے)۔

یہ بھی پڑھیں : فیس بک کو صارفین کی ذاتی معلومات کی ضرورت کیوں ہوتی ہے؟

رپورٹ ڈاﺅن لوڈ کرنے کا طریقہ

واٹس ایپ سیٹنگز میں جاکر اکاﺅنٹ اوپن کریں اور Request account info پر جاکر رپورٹ ڈاﺅن لوڈ کرلیں۔

ایسا کرنے پر ایک زپ فائل فون میں ڈاﺅن لوڈ ہوگی جس میں ایچ ٹی ایم ایل فائل ہوگی جسے دیکھنا آسان ہے جبکہ ایک JSON فائل ہوگی جس کے لیے کسی اور ایپ کی ضرورت ہوگی۔

واضح رہے کہ یہ ڈاﺅن لوڈ فائل واٹس ایپ میں اوپن نہیں ہوگی بلکہ اسے کسی اور ایپ میں ای میل کے ذریعے منتقل کرنا پڑے گا۔

رپورٹ اوپن کرنے پر آپ اپنی معلومات جیسے فون نمبر، سابقہ آئی پی کنکشن، ڈیوائس ٹائپ، ڈیوائن بنانے والی کمپنی، پروفائل تصاویر، تمام کانٹیکٹس نمبر، گروپوں کے نام اور بلاک کیے گئے کانٹیکٹس دیکھ سکیں گے۔

اچھی بات یہ ہے کہ فیس بک کے مقابلے میں واٹس ایپ بہت زیادہ معلومات اکھٹا نہیں کرتی، مگر یہ بھی بہتر ہے کہ آپ اس معلومات سے واقف ہوں جو ایپ آپ کے بارے میں جمع کرتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں