ڈراوڈ اور پونٹنگ آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل

اپ ڈیٹ 02 جولائ 2018
عظیم کھلاڑی رکی پونٹنگ اور راہول ڈراوڈ اپنی اپنی ٹیموں کے کپتان کی حیثیت سے ٹاس کے موقع پر موجود ہیں— تصویر بشکریی آئی سی سی
عظیم کھلاڑی رکی پونٹنگ اور راہول ڈراوڈ اپنی اپنی ٹیموں کے کپتان کی حیثیت سے ٹاس کے موقع پر موجود ہیں— تصویر بشکریی آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ اور عظیم بھارتی بلے باز راہول ڈراوڈ کو ہال آف فیم کا حصہ بنا لیا ہے جبکہ خاتون وکٹ کیپر بلے باز کلیئر ٹیلر بھی یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔

پونٹنگ اور ڈراوڈ نے اپنے اپنے ملکوں کے لیے ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ دونوں میں 10، 10ہزار سے زائد رنز بنائے اور دونوں کھلاڑیوں کو 2000 کی ابتدائی دہائی میں راج کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

اتوار کو ڈبلن میں منعقدہ تقریب میں سابق آسٹریلین اور بھارتی کپتان کے ساتھ ساتھ ٹیلر کو بھی اس اعزاز سے نوازا گیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے کہا کہ صرف بہترین کھلاڑیوں کو ہی کرکٹ میں شاندار خدمات پر اس طرح سراہا جاتا ہے اور میں راہول ڈراوڈ، رکی پونٹنگ اور کلیئر ٹیلر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جو ہال آف فیم کی فہرست میں شاندار اضافہ ہیں۔

ڈراوڈ اس فہرست کا حصہ بننے والے پانچویں بھارتی بلے باز ہیں جہاں ان سے قبل سنیل گاوسکر، بشن سنگھ بیدی، کپیل دیو اور انیل کمبلے کو بھی فہرست کا حصہ بنایا جا چکا ہے۔

البتہ دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کے لیے سب سے حیران کن امر یہ ہے کہ اب تک کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے سچن ٹنڈولکر کو اس فہرست کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

دوسری جانب پونٹنگ یہ اعزاز حاصل کرنے والے 25ویں آسٹریلین کھلاڑی ہیں جبکہ ٹیلر فہرست کا حصہ بننے والی مجموعی طور پر ساتویں اور انگلینڈ کی تیسری کرکٹر ہیں۔

شاندار دفاعی صلاحیت کی بدولت اپنے عہد میں 'دیوار' کے نام سے مشہور 45سال ڈراوڈ نے 164 ٹیسٹ میچوں میں 36 سنچریوں کی مدد سے 13ہزار 288 رنز بنائے جبکہ 344 ون ڈے میچوں میں 12 سنچریوں اور 83 نصف سنچریوں کی مدد سے 10ہزار 889 رنز اسکور کیے۔

اپنے دور کے عظیم بلے باز اس وقت بھارتی اے اور انڈر19 ٹیم کی کوچنگ کر رہے ہیں۔

43سالہ پونٹنگ کا کیریئر 2012 میں اختتام پذیر ہوا لیکن اس سے قبل وہ 168 ٹیسٹ میچوں میں 41سنچریوں کی مدد سے 13ہزار 378 اور 325 ون ڈے میچوں میں 30سنچریوں کی مدد سے 13ہزار 704 رنز بنا چکے تھے۔

ہال آف فیم کا آغاز 2009 میں کیا گیا جس میں کرکٹ کی دنیا میں کارہائے نمایاں انجام دینے والے عظیم کھلاڑیوں کو اس فہرست کا بنایا جاتا ہے۔

اب تک دنیا کے 87 کھلاڑی اس فہرست کا حصہ بن چکے ہیں جس میں 5 پاکستانی حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم اور وقار یونس شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں