کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں شدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس 1219 پوائنٹس کی کمی کے بعد 40 ہزار 346 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ اسلام آباد احتساب عدالت کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ 6 جولائی کو سنائے جانے کی خبر کے باعث اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار شدید مندی کا شکار ہوا۔

پی ایس ایکس میں کاروبار کے آغاز سے ہی مندی دیکھی گئی اور مجموعی طور پر 5 ارب 80 لاکھ روپے مالیت کے 11 کروڑ 76 لاکھ حصص کی لین دین ہوئی۔

مجموعی طور پر 326 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 29 کی قدر میں اضافہ، 2852 کی قیمتوں میں کمی اور 15 کی قدر میں استحکام رہا۔

سیمنٹ کا شعبہ 1 کروڑ 74 لاکھ حصص کے کاروبار ساتھ کاروباری حجم میں سرفہرست رہا۔

کمپنیوں کے انفرادی کاروباری میں پاک الیکٹران لمیٹڈ 1 کروڑ 3 لاکھ حصص کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی، بینک آف پنجاب 70 لاکھ حصص کے ساتھ دوسرے، ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ 45 لاکھ حصص کے ساتھ تیسرے، کے الیکٹرک لمیٹڈ 43 لاکھ حصص کے ساتھ چوتھے جبکہ پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل لمیٹڈ 43 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ پانچویں نمبر پر تھیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنائے جانے تک کاروبار متاثر رہنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز مندی کا رجحان

انہوں نے بتایا کہ آئل اور بینکنگ سیکٹر میں مندی کے رحجانات دیگر شعبہ جات کے مقابلے غیر معمولی رہے۔

واضح رہے کہ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے اپنے دلائل مکمل کرنے کے بعد جج محمد بشیر نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جسے 6 جولائی کو سنائے جانے کا امکان ہے۔

احتساب عدالت نے فیصلے کے وقت نواز شریف اور مریم نواز سمیت تمام ملزمان کو عدالت میں حاضر ہونے کی بھی ہدایت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کاروباری ہفتے کے آخری روز اسٹاک مارکیٹ میں 87 پوائنٹس کی کمی

خیال رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس، نواز شریف اور ان کے 3 بچوں مریم نواز، حسین نواز، حسن نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے علاوہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے خلاف سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس فیصلے کے حکم کی روشنی میں دائر کیے گئے 4 ریفرنسز میں سے ایک ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں