شہزادہ ہیری اور میگھن کے شادی کے جوڑے کی نمائش

نمائش کئی ہفتوں تک جاری رہے گی—فائل فوٹو: اے پی
نمائش کئی ہفتوں تک جاری رہے گی—فائل فوٹو: اے پی

رواں برس 19 مئی کو شادی کے بندھن میں بندھ جانے والے برطانیہ کے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ امریکی اداکارہ میگھن مارکل کی شادی کی تقریبات کو تو لاکھوں افراد نے دیکھ کر ان کے لباس کو بھی دیکھا تھا۔

تاہم کئی عام افراد شاہی جوڑے کی شادی کی ڈریس، نقاب اور تاج سمیت دیگر چیزوں کو دیکھنے سے تاحال قاصر ہے۔

لیکن اب ایسے افراد کے لیے جلد ہی شاہی خاندان کی جانب سے طویل نمائش کا اہتمام کیا جائے گا، جس کے ذریعے وہ شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے عروسی جوڑے سمیت دیگر چیزوں کو دیکھ سکیں گے۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس’ (اے پی) کے مطابق شاہی جوڑے کے لباس، دلہن کی جانب سے پہنے گئے 5 میٹر لمبے نقاب اور تاج کو جلد نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نوبیاہتا شاہی جوڑا ایک ارب کے تحائف واپس کرنے پر مجبور

رپورٹ کے مطابق شاہی جوڑے کی جانب سے شادی کے دوران استعمال کی گئی چیزوں کو ‘ونڈسر محل’ میں ‘اے رائل ویڈنگ’ نامی نمائش میں رکھا جائے گا۔

ونڈسر محل میں اس نمائش کا آغاز رواں برس 26 اکتوبر سے آئندہ برس 6 جنوری تک کیا جائے گا۔

اس نمائش میں میگھن مارکل کی جانب سے پہنا گیا عروسی جوڑا، ان کی جانب سے پہنا گیا نقاب اور تاج پیش کیا گیا جائے گا، جب کہ ساتھ ہی شہزادہ ہیری کی جانب سے پہنا گیا جوڑا بھی نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔

علاوہ ازیں ان ہی چیزوں کی نمائش برطانیہ کی ریاست اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈن برگ میں کی جائے گی۔

ایڈن برگ میں یہ نمائش آئندہ برس 14 جون سے 26 اکتوبر تک منعقد کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں