آسٹریلیا کو شکست، پاکستان نے ٹی20 سیریز جیت لی

اپ ڈیٹ 27 اکتوبر 2018
ایکس کیری کی وکٹ لینے پر ساتھی کھلاڑی محمد حفیظ کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
ایکس کیری کی وکٹ لینے پر ساتھی کھلاڑی محمد حفیظ کو مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹی20 میچ میں 11رنز سے شکست دے کر ٹی20 سیریز اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ لگاتار 10ٹی20 سیریز جیتنے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کر لیا

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن قومی ٹیم کی اننگز کا کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور فخر زمان ایک مرتبہ پھر پل شاٹ کھیلنے میں ناکامی پر 10رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

گزشتہ میچ کی طرح ایک مرتبہ پھر محمد حفیظ اور بابر اعظم نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دوسری وکٹ کے لیے 60رنز کی شراکت قائم کی۔

بلی اسٹین لیک کو چھکا لگانے کے بعد اگلی گیند پر دوبارہ اسی کوشش میں محمد حفیظ باؤنڈری پر کیچ ہوئے، انہوں نے 40رنز بنائے۔

اسکور میں ابھی 7رنز کا اضافہ ہی ہوا تھا کہ قومی ٹیم کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا اور بابر اعظم 45رنز بنانے کے بعد وکٹ گنوا بیٹھے۔

آسٹریلیا کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب پاکستانی بلے باز اختتامی اوورز میں کھل کر بیٹنگ نہیں کر سکے— فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب پاکستانی بلے باز اختتامی اوورز میں کھل کر بیٹنگ نہیں کر سکے— فوٹو: اے ایف پی

پاکستانی ٹیم کے بلے باز اختتامی اوورز میں بڑے شاٹ لگانے کی کوشش میں جدوجہد کرتے نظر آئے اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے رہے جس کے سبب قومی ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی۔

اننگز کے آخری اوور میں 15رنز کی بدولت پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 147رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

آسٹریلیا نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو 11 کے مجموعے پر ڈی آر سی شارٹ امپائر کے متنازع فیصلے کے نتیجے میں رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

اسکور 19تک ہی پہنچا تھا کہ شاداب خان کے شاندار کیچ نے کرس لن کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ ایرون فنچ بھی چھکا مارنے کی کوشش میں فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد مچل مارش اور گلین میکسویل وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں نے 30رنز جوڑ کر اسکور کو 61تک پہنچا دیا لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، شاداب کی گیند پر مارش کی اننگز تمام ہوئی۔

ایلکس کیری حفیظ کو وکٹ دے کر پویلین لوٹے جبکہ فخر زمان کے شاندار رن آؤٹ نے میک ڈرموٹ کو بھی واپسی پر مجبور کردیا۔

شاداب خان آسٹریلین بلے باز کرس لن کا کیچ لیتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی
شاداب خان آسٹریلین بلے باز کرس لن کا کیچ لیتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی

73رنز پر چھ وکٹیں گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ آسٹریلیا یکطرفہ مقابلے کے بعد ایک مرتبہ پھر شکست سے دوچار ہو گی لیکن اس موقع پر میکسویل ڈٹ گئے۔

انہوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 59رنز کی شراکت قائم کی اور میچ کو پاکستان کی پہنچ سے دور لے جانے کی کوشش کی لیکن میچ کے آخری اوور میں ان کی 52رنز کی اننگز تمام ہوئی اور ایک گیند بعد کاؤلٹر نائیل بھی 27رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 136رنز بنا سکی اور پاکستان نے میچ میں 11رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز بھی اپنے نام کر لی۔

عماد وسیم کو عمدہ باؤلنگ اسپیل پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، انہوں نے 4 اوورز کے کوٹے میں ایک میڈن کراتے ہوئے صرف 8رنز کے عوض 1وکٹ حاصل کی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان: سرفراز احمد(کپتان)، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی، فہیم اشرف، عماد وسیم، شاداب خان، حسن علی اور شاہین آفریدی۔

آسٹریلیا: ایرون فنچ(کپتان)، ڈی آر سی شارٹ، کرس لن، بین میک ڈرموٹ، گلین میکسویل، ایلکس کیری، مچل مارش، نیتھن کاؤلٹر نائیل، اینڈریو ٹائی، ایڈم زامپا اور بلی اسٹین لیک۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں