آسٹریلین اوپنر شارٹ تھرڈ امپائر کے متنازع فیصلے کی نذر

اپ ڈیٹ 29 اکتوبر 2018
آسٹریلین اوپنر ڈی آر سی شارٹ کے آؤٹ ہونے کا منظر— اسکرین شاٹ
آسٹریلین اوپنر ڈی آر سی شارٹ کے آؤٹ ہونے کا منظر— اسکرین شاٹ

آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی20 میچ میں آسٹریلین اوپنر ڈی آر سی شارٹ کو متنازع انداز میں رن آؤٹ قرار دیے جانے پر تھرڈ امپائر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

دبئی میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں آسٹریلیا نے 148رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو انگز کے تیسرے اوور کی آخری گیند پر ایرون فنچ نے باؤلر عماد وسیم کی جانب واپس شاٹ کھیلا۔

تاہم گیند عماد وسیم کی انگلیوں سے لگ کر وکٹ سے جا ٹکرائی جس پر قومی ٹیم نے رن آؤٹ کی اپیل کردی اور امپائر نے تھرڈ امپائر سے مدد مانگ لی۔

ری پلے سے صاف ظاہر تھا کہ جس وقت گیند وکت سے ٹکرائی تو ڈی آر سی شارٹ کا بلا ناصرف کریز میں موجود تھا بلکہ ہوا میں بھی نہیں تھا اور زمین سے ٹکرا رہا تھا لہٰذا ناٹ آؤٹ کے فیصلے کی امید تھی۔

تاہم میدان میں موجود تمام ہی لوگ خصوصاً آسٹریلین ٹیم کے کھلاڑی اس وقت حیران رہ گئے جب تھرڈ امپائر نے شارٹ کو آؤٹ قرار دے دیا۔

امپائر کے فیصلے پر ڈی آر سی شارٹ نے حیرانی ظاہر کرتے ہوئے انہیں آگاہ کیا کہ ان کا بلا زمین پر موجود تھا جبکہ آسٹریلین کپتان ایرون فنچ نے بھی احتجاج کیا لیکن ان کی یہ کوشش رائیگاں گئی اور شارٹ کو پویلین واپس لوٹنا پڑا۔

اس فیصلے پر آسٹریلین ٹیم کے کوچ جسٹن لینگر اور پویلین میں موجود دیگر سپورت اسٹاف نے بھی تعجب کا اظہار کیا جبکہ سوشل میڈیا پر بھی لوگوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ری پلے سے قطع نظر کرک انفو کے مطابق تھرڈ امپائر نے موقف اختیار کیا کہ شارٹ کا بلا زمین کو چھوا ہی نہیں تھا جس کے سبب انہیں آؤٹ قرار دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں