پاکستان سے ون ڈے سیریز کیلئے جنوبی افریقی اسکواڈ کا اعلان

اپ ڈیٹ 14 جنوری 2019
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 19جنوری کو پورٹ الزبتھ میں کھیلا جائے گا— فائل فوٹو
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 19جنوری کو پورٹ الزبتھ میں کھیلا جائے گا— فائل فوٹو

جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف 5 ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے 14رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور جنوبی افریقی ٹی 20 لیگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے وین ڈر ڈوسن پہلی مرتبہ اسکواڈ کا حصہ بننے میں کامیاب رہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں تین ٹیسٹ میچوں کے بعد پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں مدمقابل ہوں گی جس کا پہلا مقابلہ 19 جنوری کو ہو گا۔

جنوبی افریقہ نے ون ڈے سیریز کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں راسی وین ڈر ڈوسن کو بھی شامل کیا ہے جو مانسی سپر لیگ کے افتتاحی ایڈیشن میں 469 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے تھے۔

گزشتہ سال نومبر میں انجری کے بعد ٹیم سے باہر ہونے والے ہاشم آملا کی بھی واپسی ہوگئی ہے، البتہ انجریز کا شکار جین پال ڈومینی اور لنگی نگیدی کو منتخب نہیں کیا گیا۔

منتخب اسکواڈ میں کپتان فاف ڈیوپلیسی، ہاشم آملا، کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، عمران طاہر، ہینری کلاسن، ڈیوڈ ملر، ڈین پیٹرسن، ایندل فلکوایو، ڈوان پریٹوریس، کگیسو ربادا، تبریز شمسی، ڈیل اسٹین اور راسی وین ڈر ڈوسن شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں