آسٹریلیا رواں سال پاکستان سے ڈے نائٹ ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا خواہاں

اپ ڈیٹ 25 جنوری 2019
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان رواں سال نومبر میں ٹیسٹ سیریز شیڈول ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان رواں سال نومبر میں ٹیسٹ سیریز شیڈول ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

ڈے نائٹ ٹیسٹ میچوں کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف رواں سال ڈے نائٹ ٹیسٹ سیریز کے انعقاد کی تجویز دے دی۔

آسٹریلین میڈیا کے مطابق اگر پاکستان کرکٹ بورڈ نے میزبان بورڈ کی تجویز پر سیریز کھیلنے کی حامی بھر لی تو یہ کرکٹ کی تاریخ میں مصنوعی روشنی میں کھیلی جانے والی پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔

گزشتہ سال بھارت کے خلاف سیریز کے افتتاحی ٹیسٹ میچ کی میزبانی برسبین کو کرنی تھی لیکن بھارت نے ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلنے سے انکار کردیا تھا اور اس میدان پر میچ منعقد نہیں ہو سکا تھا۔

رواں ہفتے برسبین میں سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ میچ ایک ایسے موقع پر کھیلا جائے گا جب کوئنز لینڈ کرکٹ گراؤنڈ کو بورڈ کی توقعات پر پورا اترنے کے دباؤ کا سامنا ہے۔

پاکستانی ٹیم رواں سال نومبر اور دسمبر میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں اسے دو ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں اور کرکٹ آسٹریلیا دونوں میچز مصنوعی روشنی میں منعقد کرانا چاہتی ہے۔

اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں مجموعی طور پر 10 ڈے نائٹ ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں لیکن ابھی تک کوئی باقاعدہ سیریز نہیں کھیلی گئی اور سیریز میں زیادہ سے زیادہ ایک میچ کو مصنوعی روشنی میں کھیلا گیا ہے۔

البتہ شائقین کی آمد کی تعداد میں بتدریج کمی کے پیش نظر برسبین کرکٹ گراؤنڈ کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2016 میں اسی میدان پر کھیلے گئے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ میں شائقین کی بڑی تعداد نے اسٹیڈیم کا رخ کیا تھا لیکن گزشتہ سال پہلے ایشز ٹیسٹ کے چوتھے دن صرف ساڑھے 21 ہزار تماشائیوں کی اسٹیڈیم میں موجودگی نے انتظامیہ کو پریشانی میں مبتلا کردیا تھا۔

گلابی گیند سے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ مسلسل تین سال سے کامیابی کے ساتھ کرائے جارہے ہیں اور عموماً سیریز کا ایک ٹیسٹ ڈے نائٹ ہوتا ہے۔

2016 میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 39 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں