داعش میں شامل ہونے والی مزید 2 برطانوی خواتین کی شہریت منسوخ

اپ ڈیٹ 10 مارچ 2019
رطانوی وزیر داخلہ نے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا —فائل فوٹو: ڈان نیوز
رطانوی وزیر داخلہ نے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا —فائل فوٹو: ڈان نیوز

برطانیہ نے شام جا کر داعش میں شمولیت اختیار کرنے والی مزید 2 برطانوی خواتین کی شہریت منسوخ کردی۔

خبررساں ادارے اے ایف پی نے مقامی اخبار کا حوالہ دیا کہ سگی بہنوں 30 سالہ ریما اقبال اور 28 سالہ زارہ نے 2013 میں شام جا کر داعش میں شمولیت اختیار کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: داعش میں شامل ہونے والی خاتون، برطانیہ واپسی کی خواہشمند

دوسری جانب برطانیہ کی جانب سے دونوں بہنوں کی شہریت منسوخ کیے جانے پر ان کے بچوں کے مستقبل سے متعلق تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ 20فروری کو شام جا کر داعش میں شمولیت اختیار کرنے اور پھر لندن واپس آنے کی خواہش ظاہر کرنے والی برطانوی خاتون شمیمہ بیگم کی شہریت بھی منسوخ کردی گئی تھی۔

شام کے پناہ گزین کیمپ میں شمیمہ بیگم نے گزشتہ ہفتے بچے کو جنم دیا تھا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا تھا۔

ریما اقبال اور زارہ کی شہریت منسوخ کیے جانے پر لندن سمیت دیگر شہروں میں دوبارہ بحث گرم ہے کہ دونوں بہنوں کی اولادیں بھی موت کا شکار ہو سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: داعش میں شمولیت اختیار کرنے والی برطانوی خاتون کی شہریت منسوخ

اس سے قبل دی گارجین میں شائع رپورٹ کے مطابق سیکریٹری داخلہ ساجد جاوید نے شمیمہ بیگم کے اہلخانہ کو مراسلہ میں اطلاع دی تھی کہ ’وہ داعش میں شمولیت اختیار کرنے والی برطانوی شہری شمیمہ بیگم کی شہریت منسوخ کرنے کا حکم جاری کر چکے ہیں‘۔

اخبار نے قانونی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ دونوں لڑکیوں نے داعش کے ان دہشت گردوں کے ساتھ شادی کی جنہوں نے غیر ملکی سیاحوں کو قتل کیا تھا۔

اس ضمن میں برطانوی وزیر داخلہ نے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

مزیدپڑھیں: 'جہادی دلہنوں' کو روکنے کے لیے برطانیہ پریشان

ایک ترجمان نے بتایا کہ ’کسی بھی شہری کو اس کی شہریت سے محروم کرنے کا فیصلہ دستیاب شواہد کی بنیاد پر کیا جاتا ہے جسے محض سطحی نہیں لیا جا سکتا‘۔

خیال رہے کہ شمیمہ بیگم اور ان کی ساتھی اس وقت خبروں کی زینت بنی تھیں جب وہ صرف 15 سال کی عمر میں مشرقی لندن کے علاقے بیتھنل گرین سے اپنی دوستوں کے ہمراہ فرار ہوگئی تھیں۔

برطانیہ سے فرار ہو نے کے بعد برطانوی اخبار کو دیے گئے ایک انٹریو میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنے ملک واپس آنا چاہتی ہیں۔

مزیدپڑھیں: شام: داعش کی سابق رکن کے شوہر نے نیدرلینڈ جانے کی خواہش ظاہر کردی

خیال رہے کہ برطانوی حکام کے مطابق تقریباً 900 برطانوی شہری جنگ میں شامل ہونے کے لیے شام اور عراق گئے جن میں سے 300 سے 400 افراد واپس لوٹ چکے ہیں جب کہ 40 کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی گئی۔

برطانوی حکام کو گزشتہ ماہ تک تنازع کا شکار علاقے میں موجود 200 افراد کے زندہ ہونے کا یقین تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں