زائرہ وسیم متنازع ریئلٹی شو بگ باس میں شرکت کریں گی؟

08 جولائ 2019
زائرہ وسیم کو بگ باس میں شرکت کی دعوت دے دی گئی—فوٹو: فلم بیٹ
زائرہ وسیم کو بگ باس میں شرکت کی دعوت دے دی گئی—فوٹو: فلم بیٹ

بولی وڈ اداکارہ زائرہ وسیم نے یکم جولائی کو سوشل میڈیا کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ وہ جلد فلم انڈسٹری کو چھوڑ دیں گی۔

اداکارہ نے فلم انڈسٹری کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ انہیں کم عمری میں شہرت ملی اور انہیں فلم انڈسٹری سے اچھا پیار بھی ملا اور انہوں نے اچھا مقام بھی حاصل کیا۔

تاہم اداکارہ نے بتایا کہ انہیں اب احساس ہونے لگا ہے کہ وہ اس کام کے لیے نہیں تھیں اور یہ کہ اداکاری کی وجہ سے ان کا ایمان و عقیدہ متاثر ہو رہا ہے، اس لیے اب وہ فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی کر رہی ہیں۔

زائرہ وسیم نے 5 سال قبل عامر خان کی فلم ’دنگل‘ سے محض 13 برس کی عمر میں کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ انتہائی کم عمری میں مشہور ہوگئی تھیں۔

زائرہ وسیم نے اب تک صرف 2 فلموں ’دنگل‘ اور ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ میں کام کیا ہے اور جلد ہی ان کی تیسری اور آخری فلم ’اسکائے از پنک‘ ریلیز کی جائے گی، جس کےبعد وہ بولی وڈ کو خیرباد کہ دیں گی۔

اطلاعات ہیں کہ وہ اپنی آخری فلم کی تشہیر بھی نہیں کریں گی۔

تاہم اب حیران کن خبر سامنے آئی ہے کہ ممکنہ طور پر زائرہ وسیم بگ باس میں شرکت کریں گی۔

جی ہاں، اطلاعات ہیں کہ بولی وڈ کو چھوڑنے کا اعلان کرنے والی زائرہ وسیم کو بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شو ’بگ باس‘ کے آنے والے سیزن میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں ایک اور نشریاتی ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کلرز ٹی وی پر نشر ہونے والے سلمان خان کے شو بگ باس کی ٹیم نے زائرہ وسیم سے رابطہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بگ باس کی ٹیم نے زائرہ وسیم کو رواں برس 29 ستمبر سے شروع ہونے والے بگ باس 13 میں شرکت کی دعوت دی ہے، تاہم فوری طور پر اداکارہ نے دعوت پر کوئی جواب نہیں دیا۔

ذرائع کے مطابق اگر زائرہ وسیم متنازع ترین ریئلٹی شو میں شامل ہوئیں تو وہ بولی وڈ کو چھوڑنے کا اصل سبب بھی بتائیں گی، تاہم فوری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ اداکارہ بگ باس میں شریک ہوں گی یا نہیں۔

دوسری جانب کلرز ٹی وی انتظامیہ نے بھی زائرہ وسیم کو پروگرام میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کی دعوت دیے جانے سے متعلق بات کرنے سے معذرت کرلی۔

بھارتی میڈیا میں چہ مگوئیاں ہیں کہ زائرہ وسیم کو محض ایک قسط میں شامل ہونے کے لیے بھارتی ایک کروڑ روپے سے زائد کی پیش کش کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ بگ باس کا رواں برس 13 واں سیزن نشر کیا جائے گا اور اطلاعات ہیں کہ اس بار بھی سلمان خان شو کی میزبانی کریں گے۔

یہ شو چند ماہ تک ٹی وی پر چلتا ہے اور اس میں زیادہ تر متنازع اداکاروں و اداکاراؤں کو بلایا جاتا ہے۔

اس بار زائرہ وسیم سمیت دیگر متنازع اداکاراؤں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے، تاہم زائرہ وسیم کی جانب سے فوری طور پر شو میں شرکت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

زائرہ وسیم کی جانب سے بولی وڈ کو خیرباد کہنے کے اعلان کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری میں بحث جاری ہے، جہاں کچھ افراد نے ان کے فیصلے کو جذباتی قرار دیا تو وہیں کچھ شخصیات نے ان کے فیصلے کو درست قرار دیا۔

زائرہ وسیم کی جانب سے مذہبی وجوہات کی بناء پر انڈسٹری چھوڑنے کے فیصلے کو ہندو انتہاپسند سیاستدان سوامی چکرپانی نے ان کی تعریف کی تھی اور ہندو اداکاراؤں کو بھی مسلمان اداکارہ کے نقش قدم پر چلنے کا کہا تھا۔

زائرہ وسیم نے انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا—فوٹو: انسٹاگرام
زائرہ وسیم نے انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں