انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی پوزیشن مستحکم

اپ ڈیٹ 12 جولائ 2020
انگلینڈ کو 170 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے—فوٹو:اے ایف پی
انگلینڈ کو 170 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے—فوٹو:اے ایف پی

انگلینڈ نے کورونا وائرس کے باعث کئی ماہ بعد شروع ہونے والی پہلی کرکٹ سیریز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھے روز دوسری اننگز میں 8 وکٹوں پر 284 رنز بنا کر 170 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

ساؤتھمپٹن میں جاری سیریز کے پہلے میچ کے چوتھے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو انگلینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 15 رنز بنا رکھے تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے روری برنس اور ڈوم سیبلے نے پہلی وکٹ میں 72 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا اور دوسری وکٹ میں 113 تک سیبلے نے جو ڈینلے کا ساتھ دیا۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل ٹکٹوں کی واپسی کا شیڈول جاری

برنس اور سیبلے بالترتیب 42 اور 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد ڈینلے کی انفرادی اننگز 29 رنز تک محدود رہی تاہم کراؤلی نے 76 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ویسٹ انڈیز کی برتری ختم کی۔

قائم مقام کپتان بین اسٹوکس نے ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب لے جانے کی کوشش کی لیکن ان کی ہمت 46 رنز بنا کر جیسن ہولڈر کی گیند پر جواب دے گئی۔

کراؤلی 76 رنز بنا کر 253 پر آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ کی 5 وکٹیں گری تھیں لیکن گیبرئیل نے ایک مرتبہ پھر انگلینڈ کو مشکلات سے دوچار کیا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں حاصل کرکے میزبان ٹیم کی پوزیشن کمزور کردی۔

جوز بٹلر9، ڈوم بیس 3 اور اولی پوپ 12 رنز بنا کر پویلین سدھار گئے۔

انگلینڈ نے چوتھے روز کا اختتام ہوا تو 8 وکٹوں پر 284 رنز بنائے تھے اور انہیں 170 رنز کی برتری حاصل تھی تاہم ویسٹ انڈیز کی ٹیم آخری روز دو وکٹیں جلد حاصل کرکے میچ اپنے نام کرنے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے گیبرئیل نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، روٹن چیز اور جوزف نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مزید پڑھیں:کورونا کے سبب منقطع بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیاں 4ماہ بعد بحال

قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کی پہلی اننگز کے اسکور 204 رنز کے جواب میں 318 رنز بنائے تھے اور پہلی اننگز میں 114 رنز کی قیمتی برتری حاصل کرلی تھی۔

ویسٹ انڈیزکے کپتان جیس ہولڈر نے پہلی اننگز میں شان دار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کی بہترین کارکردگی دکھائی تھی اور 6 وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز کے بعد انگلینڈ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے درمیان اگلے ماہ سے ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہوگا جس کے لیے قومی ٹیم پہلے ہی انگلینڈ پہنچ چکی ہے۔

قومی ٹیم اس وقت قرنطینہ کا دورانیہ مکمل کر رہی اور ساتھ تربیت بھی جاری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں