جنوبی کوریا کورونا کے خلاف جنگ کیلئے 8 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرے گا

اپ ڈیٹ 27 جولائ 2020
جنوبی کوریا کی حکومت کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کو 8 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرے گی— فائل فوٹو:رائٹرز
جنوبی کوریا کی حکومت کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کو 8 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرے گی— فائل فوٹو:رائٹرز

اسلام آباد: جنوبی کوریا کی حکومت کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کو 8 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے سفیر کواک سانگ جیو نے اقتصادی امور ڈویژن کے سکریٹری نور احمد کو بتایا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے اقدامات کی حمایت کرنے کے لیے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ذریعے نقد رقم اور سامان کی شکل میں کورین گرانٹ فراہم کی جائے گی۔

کورین انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (کے او آئی سی اے)، کوریا آبی وسائل کارپوریشن (کے-واٹر) اور کے ای این کمپنی پہلے ہی مظفرآباد کے قریب پٹرند پاور پلانٹ چلا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: عوام ایس او پیز پر عمل کریں اور احتیاط کے ساتھ عید منائیں، اسد عمر

سفیر نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی کوششوں اور ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی تعریف کی۔

انہوں نے پاکستان کو کورونا کے خلاف جنگ کے لیے 8 لاکھ ڈالر کی گرانٹ کا آفیشل پیغام بھی دیا۔

علاوہ ازیں سیکریٹری نور احمد نے سفیر کو کورونا کے مضر اثرات کو کم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر کوریا کے سفیر نے امید ظاہر کی کہ گرانٹ کورونا وائرس کو موثر انداز میں روکنے اور پاکستان کے نگہداشت صحت کے شعبے کو ریلیف فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کے خلاف کامیابی حاصل کرنے والی خواتین سربراہانِ مملکت

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دو طرفہ فریم ورک انتظامات کے تحت جنوبی کوریا کی حکومت صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی (شمسی) اور مواصلات (سڑکوں) جیسے مختلف شعبوں میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گی۔

انہوں نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید تقویت دینے اور وسعت دینے کے لیے کوریا کی حکومت کے مضبوط عزم کی تجدید کی۔

ساتھ ہی سیکریٹری نور احمد نے پاکستان کی مسلسل حمایت پر جنوبی کوریا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں