پارک کیس میں آصف زرداری کے خلاف نیب کا ضمنی ریفرنس تیار

اپ ڈیٹ 09 ستمبر 2020
سابق صدر آصف علی زرداری—فائل فوٹو: ڈان نیوز
سابق صدر آصف علی زرداری—فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے احتساب عدالت کو بتایا گیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف باغ ابن قاسم کیس میں ضمنی ریفرنس تیار ہے جبکہ سابق صدر کے وکیل نے عدالت میں ٹھٹہ واٹر سپلائی ریفرنس میں بریت کی درخواست دائر کردی۔

عدالت نے آصف علی زداری کی بریت کی درخواست پر نیب کو 17 ستمبر کے لیے نوٹس جاری کردیا۔

احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ٹھٹہ ریفرنس میں آصف زرداری کی جانب سے کرمنل پروسیجر کوڈ (سی آر پی سی) کی دفعہ 265 کے تحت دائر اپیل پر سماعت کی۔

مزید پڑھیں: آصف زرداری سے پلی بارگین شروع ہوگئی، شیخ رشید کا انکشاف

اس موقع پر وکیل دفاع فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور ان کے معاون نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی۔

علاوہ ازیں کراچی کے باغ ابن قاسم کی زمین کی مبینہ طور پر غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق ریفرنس کی سماعت کے دوران نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ضمنی ریفرنس کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور وہ جلد ہی دائر کیا جائے گا۔

مزید براں عدالت نے سابق ڈائریکٹر پارکس لیاقت قائم خانی اور ڈاکٹر ڈنشا کے عدالتی ریمانڈ میں 6 اکتوبر تک توسیع کردی۔

ویڈیو دیکھیں: 'شہباز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات ذاتی مفادات کے تحفظ کے لیےتھی'

اس کے علاوہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آصف زردای کی اپنے کلفٹن کے گھر کو ضبط کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کردی۔

وکیل دفاع کی جانب سے مذکورہ درخواست میں دلائل کے لیے وقت مانگا گیا تھا۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کے گھر کو ضبط کرلیا تھا۔


یہ خبر 09 ستمبر 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں