راولپنڈی کے شہری سے 15 لاکھ روپے بھتہ طلب

اپ ڈیٹ 12 اکتوبر 2020
شہری کو  دھمکی دی گئی کہ اگر بھتے کے بارے میں پولیس یا کسی اور کو مطلع کیا تو سنگین نتائج نکل سکتے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
شہری کو دھمکی دی گئی کہ اگر بھتے کے بارے میں پولیس یا کسی اور کو مطلع کیا تو سنگین نتائج نکل سکتے ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

راولپنڈی کے ایک شہری کو گھر پر بھتے کی پرچی بھیج کر دھمکی دی گئی ہے کہ اگر اس نے 15 لاکھ روپے نہ دیے تو اس کے بچوں کو اغوا کرلیا جائے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ شخص نے صدر برونی پولیس تھانے میں درج کروائی گئی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں کہا کہ انہیں گھر کے صحن میں ایک لفافہ پڑا ملا جس میں دھمکی آمیز پرچہ موجود تھا۔

شہری کے مطابق خط میں لکھا ہوا تھا کہ ’ہم طویل عرصے سے آپ کے گھر، بچوں اور دیگر معمولات کی نگرانی کررہے ہیں، چاہیں وہ اسکول جائیں، ٹیوشن جائیں یا اپنے آبائی گاؤں میں نانی کے گھر جائیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: گورنرسندھ کا بھتے کی پرچی ملنے کا انکشاف

خط میں لکھا گیا تھا کہ ’ہم ان کی اس وقت بھی نگرانی کررہے ہوتے ہیں جب وہ اپنے رشتہ داروں کے گھر جاتے ہیں‘۔

ساتھ ہی خط میں 15 لاکھ روپے ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا جو نہ دینے کا نتیجہ شہری کے بچوں کے اغوا کی صورت میں یا اس سے بھی برا نکل سکتا ہے۔

متاثرہ شخص کو ایک مناسب جگہ رقم پہنچانے کا کہا گیا اور دھمکی دی گئی کہ اگر بھتے کے بارے میں پولیس یا کسی اور کو مطلع کیا تو سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔

خط میں متاثرہ شہری کو تجویز دی گئی کہ اپنے ایک پڑوسی کے ساتھ نیلے رنگ کے تھیلے میں کہوٹہ روڈ پر ہفتے کے روز رقم لے آئے۔

مزیف پڑھیں: کراچی: بھتہ خوری کے الزام میں اورنگی ٹاؤن سے 3 ملزم گرفتار

دوسری جانب صدر ڈویژن کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) ضیاالحق نے ڈان کو بتایا کہ ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے اور جیسے ہی پولیس کو شکایت موصول ہوئی تھی تفتیش کا آغاز کردیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس شہری کے اہلِ خانہ کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کررہی ہے۔

ساتھ ہی ایس پی نے یہ بھی بتایا کہ خط کس نے پہنچایا یہ جاننے کے لیے پولیس لوگوں سے پوچھ گچھ کررہی ہے اور قریبی عمارتوں سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے۔

پولیس عہدیدار نے کہا کہ انہیں اُمید ہے کہ ذمہ داران کا سراغ جلد لگالیا جائے گا اور دعویٰ کیا کہ معاملہ خاندانی تنازع کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔


یہ خبر 12 اکتوبر 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں