پاکستان کی خوشحالی اور امن جمہوریت سے وابستہ ہے، آرمی چیف

اپ ڈیٹ 18 نومبر 2020
آرمی چیف کے مطابق فوج سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے بلوچستان کے عوام کی ترقی کے لیے اپنا اپنا حصہ ڈالا ہے - فائل فوٹو:اے پی پی
آرمی چیف کے مطابق فوج سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے بلوچستان کے عوام کی ترقی کے لیے اپنا اپنا حصہ ڈالا ہے - فائل فوٹو:اے پی پی

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ کے دورے کے دوران ایک ورکشاپ کے شرکا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی اور امن جمہوریت سے وابستہ ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق قومی ورکشاپ بلوچستان کا مقصد قومی سلامتی کے اہم امور، بروقت فیصلہ سازی کے عمل، قومی سلامتی کے انتظام کے نظام کے بارے میں شرکاء کی استعداد کارمیں اضافہ کرنا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان میں ترقی اور استحکام پاکستان کی خوشحالی کے لیے اہم ہے، فوج سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز نے بلوچستان کے عوام کی ترقی کے لیے اپنا اپنا حصہ ڈالا ہے۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف، افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے خواہاں

پاک فوج کے سربراہ نے پاک افغان اور پاک ایران بارڈر پر باڑ لگانے، صوبے بھر کی مؤثر سیکیورٹی، کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ جیسے اقدامات پر روشنی ڈالی جس سے بلوچستان کے مجموعی سیکیورٹی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کو ہوا دینے اور صوبے میں انتشار پیدا کرنے کے لیے دشمن عناصر کی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا امن اور خوشحالی جمہوریت سے وابستہ ہے۔

بعدازاں آرمی چیف نے اسکول آف انفنٹری اور ٹیکٹیکس کا دورہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، شہر کا فضائی معائنہ

انہیں نوجوان قیادت کے لیے نافذ کردہ نئے تربیتی ماڈیولز اور آن لائن امتحانات کے نظام کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے انہیں جدید جنگ سے متعلق پیشرفت کے مطابق تیار رہنے کی تاکید کی۔

انہوں نے نوجوان افسران اور جوانوں کو مستقبل میں چیلنجز کا مناسب طور پر مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرنے میں اساتذہ اور اسٹاف کی محنت اور لگن کی تعریف کی۔

اس سے قبل کوئٹہ پہنچنے پر کمانڈر سدرن کمانڈ کے لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف نے آرمی چیف کا استقبال کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں