وزیراعظم کی کھیلوں کا مؤثر ڈھانچہ بنانے کیلئے سفارشات لانے کی ہدایت

اپ ڈیٹ 24 نومبر 2020
وزیر اعظم کی زیر سربراہی منعقدہ اجلاس میں کھیلوں کے امور پر گفتگو کی گئی— فوٹو بشکریہ پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ
وزیر اعظم کی زیر سربراہی منعقدہ اجلاس میں کھیلوں کے امور پر گفتگو کی گئی— فوٹو بشکریہ پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پیر کو وزارت بین الصوبائی رابطہ کو ہدایت کی کہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ملک کے بنیادی کھیلوں کے ڈھانچے کو مؤثر بنانے کے لیے سفارشات سامنے لائیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے یہ ہدایت وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے ملاقات کے دوران دی جنہوں نے پیر کو وزیر اعظم سے ملاقات کی اور ملک میں کھیلوں کی سرگرمیوں سے متعلق انتظامی امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم نے خفیہ ایجنسیوں کیلئے رابطہ کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی

وزیر اعظم نے کہا کہ چونکہ ملک کی اکثر آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے لہٰذا انہیں کھیلوں کے بہترین مواقع کی فراہمی ضروری ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پیر کو وزیر اعظم سے ملاقات کی اور صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں اور کورونا وائرس کی وبا کی موجودہ صورتحال سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزرا کے ساتھ منعقدہ ایک علیحدہ اجلاس میں وزیر اعظم نے کووڈ-19 پر قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کا اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی تاکہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے بارے میں اہم فیصلے کیے جائیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کی زندگیوں کو وبائی بیماری سے بچانے اور اس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔

عمرا خان نے کہا کہ دنیا نے پی ٹی آئی حکومت کی طرف سے اختیار کی جانے والی مکمل پالیسیوں اور حکمت عملی کا اعتراف کیا ہے جس کی وجہ سے وائرس کی پہلی لہر میں ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کو روکنے میں مدد ملی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کی دوسری لہر: ملک میں تقریباً 3 ہزار نئے کیسز، 48 اموات کا اضافہ

انہوں نے کہا کہ اب چونکہ کووڈ۔19 کی دوسری لہر نے ملک کو متاثر کیا ہے لہٰذا ہمیں بیماری سے نمٹنے کے لیے زیادہ محتاط اور سنجیدہ رہنا چاہیے۔

اس سے قبل اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال اور اس کے بارے میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے فیصلوں کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وفاقی وزرا شبلی فراز، اسد عمر، شفقت محمود، اعجاز شاہ، مخدوم خسرو بختیار اور وزیر اعظم کی معاون خصوصی اور مشیر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر فیصل سلطان، عبدالرزاق داؤد اور وزیر مملکت علی محمد خان نے شرکت کی۔

تبصرے (0) بند ہیں