کورونا وائرس: سندھ میں مزارات، سینما اور جمز بند، کاروبار کے اوقات شام 6 بجے تک

اپ ڈیٹ 24 نومبر 2020
تمام کاروباری مراکز ویک اینڈ پر بند رکھے جائیں گے—فائل فوٹو: اے ایف پی
تمام کاروباری مراکز ویک اینڈ پر بند رکھے جائیں گے—فائل فوٹو: اے ایف پی

ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد ایک مرتبہ پھر تقریباً 3 ہزار تک جا پہنچی ہے، حکومت کی جانب سے مسلسل وائرس کی دوسری لہر کے حوالے سے متنبہ کرتے ہوئے عوام کو ماسک پہننے کی ہدایات کی جارہی ہے۔

کیسز میں اضافے کے پیش نظر وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے ملک بھر میں ہر قسم کے تعلیمی ادارے 26 نومبر سے دوبارہ بند کرنے کا اعلان کیا جاچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے تمام تعلیمی ادارے 26 نومبر سے بند کرنے کا فیصلہ

دوسری جانب حکومت سندھ نے بھی عوامی مقامات پر لوگوں کے ہجوم کو کم رکھنے کے لیے دوبارہ متعدد پابندیاں عائد کردی ہیں جو کہ درج ذیل ہیں:

  • تمام سرکاری یا نجی دفاتر اور عوامی مقامات پر ماسک پہننے پر سختی سے عمل کروایا جائے گا، ماسک نہ پہننے کی صورت میں جرمانہ کیا جائے گا۔

  • شادی کی اِن ڈور تقریبات پر پابندی ہوگی، شادی کی آؤٹ ڈور تقریب میں زیادہ سے زیادہ 200 افراد کو شرکت کرنے کی اجات ہوگی جو رات 9 بجے تک جاری رہ سکتی ہے جبکہ تقریب کے دوران بوفے سروس کی اجازت نہیں ہوگی اور کھانا ڈبوں میں دینا ہوگا۔

  • تمام سرکاری و نجی دفاتر میں نصف عملے کے گھروں سے کام کرنے کی پالیسی پر عمل کیا جائے۔

  • وائرس کے ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں نسبتاً وسیع اسمارٹ لاک ڈاؤن لگائے جائیں گے جس کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز احکامات دیں گے۔

  • تمام اجتماعات کے انِ ڈور مقامات، کاروباری مراکز میں انِڈور جمز، کھیلوں کی اِنڈور سہولیات، سینما اور تھیٹر کے علاوہ مزارات بند کردیے جائیں۔

  • ضروری خدمات کے علاوہ تمام کاروباری مراکز جمعہ اور اتوار کو بند رکھے جائیں۔

  • کاروبار/مارکیٹوں کے اوقات کار صبح 6 بجے سے شام 6 بجے ہوں گے جبکہ ویک اینڈز پر بند رہیں گے۔

  • ریسٹورنٹس کو رات 10 بجے تک صرف آؤٹ ڈور بٹھا کر کھلانے، کھانا خرید کر لے جانے یا گھروں پر منگوانے کی اجازت ہوگی۔

  • مذکورہ احکامات 23 نومبر کو جاری کیے گئے جو فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور ان کا نفاذ 31 جنوری 2021 تک جاری رہے گا جن پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: کراچی کے 4 اضلاع میں اسمارٹ و مائیکرو لاک ڈاؤن نافذ

خیال رہے کہ وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کے باعث 21 نومبر کو کراچی کے 4 علاقوں میں 14 روز کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔

گزشتہ روز سندھ بھر میں ایک ہزار 322 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی جبکہ 16 مریض انتقال کر گئے۔

24 نومبر کی صبح تک سندھ بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 64 ہزار 651 ہے جن میں ایک لاکھ 46 ہزار 366 صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے جبکہ 2 ہزار 845 لقمہ اجل بن گئے۔

دوسری جانب پورے ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 954 نئے کیسز کے اضافے کے بعد مجموعی کیسز 3 لاکھ 79 ہزار 883 ہوگئے جبکہ 48 افراد کے انتقال کر جانےکے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 744 ہوگئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں