آپ کو یہ فکر ہے کہ رات 12 بجے کے بعد کسی پیارے یا دوست کو سالگرہ کی مبارکباد دینا مشکل ہوگا؟ تو اب فکرمت کریں۔

گوگل میسجز سے اب ایس ایم ایس کو شیڈول کرکے اپنی مرضی کے وقت اور تاریخ کو میسج بھیجا جاسکتا ہے۔

گوگل کی جانب سے کافی عرصے سے واٹس ایپ کو ٹکر دینے کے لیے اینڈرائیڈ فونز میں اپنی ٹیکسٹ میسجز ایپ کو فیس بک کی زیرملکیت اپلیکشن جیسا بنانے پر کام جاری ہے۔

اب گوگل کی جانب سے میسجز ایپ میں ایس ایم ایس شیڈول فیچر کو متعارف کرادیا گیا ہے جس کی آزمائش گزشتہ سال سے ہورہی تھی۔

ٹیکسٹ میسجز شیڈول گوگل کی جانب سے مختلف اینڈرائیڈ ایپس میں کی جانے والی اپ ڈیٹس میں سے ایک ہے۔

گوگل میسجز میں ایس ایم ایس کو شیڈول کرنے سے قبل اس ایپ کے نئے ورژن کو اپ ڈیٹ کرنا ہوگا اور اگر فون میں نہیں تو انسٹال کریں، کیونکہ یہ فیچر فون کی ڈیفالٹ ٹیکسٹ میسج ایپ میں کام نہیں کرے گا۔

اگر آپ کو علم نہیں گوگل میسجز کو ڈیفالٹ میسجنگ ایپ کیسے بنائیں، تو فکرمند مت ہوں کیونکہ جب پہلی بار اس ایپ کو اوپن کریں گے تو وہ ڈیفالٹ ایپ بنانے کا پوچھے گی۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے مطلوبہ نمبر یا چیٹ ونڈو پر میسج لکھنے کے بعد سینڈ بٹن کو کچھ دیر تک دبا کر رکھنا ہوگا۔

ایسا کرنے پر 4 آپشنز سامنے آئیں گے جن میں سے 3 میں پہلے سے طے شدہ وقت جبکہ چوتھا اپنی پسند کی تاریخ اور وقت کا انتخاب کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

ایسا کرنے کے بعد چیٹ میں شیڈول میسج کا پریویو نظر آئے گا اور صارف میسج کو بدلنے، فوری بھیجنے یا ڈیلیٹ کرسکے گا۔

گوگل میسجز میں صرف ٹیکسٹ ہی نہیں بلکہ تصاویر اور ویڈیوز کو بھی شیڈول کیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ گوگل نے 2018 میں اینڈرائیڈ میسجز کو متعارف کرایا تھا جس کا مقصد صارفین کو آر سی ایس کی ابتدائی جھلک دیکھنے کا موقع مل سکے اور وہ اسے اپنے فون میں اسٹینڈرڈ ایس ایم ایس ایپ کی جگہ استعمال کرسکیں۔

ایس ایم ایس 160 حروف کی وہ سروس ہے جو کئی دہائیوں سے موجود ہے مگر آج کے فونز زیادہ طاقتور اور صارف زیادہ فیچرز مانگتے ہیں اور یہی چیز واٹس ایپ اور میسنجر کی کامیابی کا باعث بنی۔

اب گوگل اس نئی سروس کے ذریعے انہیں ٹکر دینا چاہتا ہے جس میں دیگر فیچرز کے ساتھ گوگل کے ڈیجیٹل اسسٹنٹ کی خدمات بھی صارف کو حاصل ہوگی۔

گوگل میسجز بنیادی طور پر اس کمپنی کے رچ کمیونیکشن سروس (آر سی ایس) کا حصہ ہے جس پر 2016 سے کام ہورہا ہے اور یہ ایس ایم ایس یا شارٹ میسج سروس کی جگہ لے گا جس کو 25 سال سے زائد عرصہ ہوچکا ہے جبکہ صارفین اس پر وائی فائی پر چیٹ، ہائی ریزولوشن تصاویر اور ویڈیوز بھیجنے اور موصول کرنے کی سہولت، ریڈ رسیپٹ، ٹائپنگ انڈیکٹرز گروپ چیٹ اور گروپ چیٹس میں لوگوں کو ایڈ یا نکالنے جیسے فیچرز استعمال کرسکیں گے۔

2 سال کی کوششوں کے بعد آخرکار 2020 میں گوگل نے دنیا بھر کے اینڈرائیڈ صارفین (چین اور روس کو نکال کر) کو ایس ایم ایس کے اس متبادل تک رسائی فراہم کرنا شروع کردی تھی۔

اب موبائل کمپنیوں کی بجائے گوگل کی جانب سے براہ راست آر سی ایس چیٹ سروسز اینڈرائیڈ میسجز ایپ کے ذریعے فراہم کی جائیں گی، جس کے بس اس اپلیکیشن کو انسٹال کرکے اسے ڈیفالٹ ٹیکسٹ ایپ کی جگہ استعمال کرنا ہوگا۔

دنیا بھر میں موبائل کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری میں مشکلات کے بعد 2019 میں گوگل نے یہ معاملہ اپنے ہاتھ میں لے لیا تھا اور مختلف ممالک میں بتدریج آر سی ایس سروسز کو براہ راست فراہم کرنا شروع کیا اور اس کے لیے مقامی موبائل کمپنیوں کا انتظار نہیں کیا گیا۔

نومبر 2020 میں گوگل نے اعلان کیا تھا کہ ہ عمل مکمل ہوگیا ہے اور اب دنیا بھر میں آر سی ایس سروسز اینڈرائیڈ میسجز کے ذریعے ہر ایک کو دستیاب ہے۔

یعنی اب کہا جاسکتا ہے کہ آخرکار ایس ایم ایس کا عہد گوگل کے اس قدم کے بعد ختم ہوگیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں