• KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:29am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:32am Sunrise 5:55am
  • KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:20am
  • LHR: Fajr 4:29am Sunrise 5:50am
  • ISB: Fajr 4:32am Sunrise 5:55am

ضلع کرم میں ایف سی اہلکاروں اور مظاہرین میں جھڑپ، 8 افراد زخمی

شائع May 23, 2021
ضلعی انتظامیہ کا دفتر ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار سے 20 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے---فائل فوٹو: ڈان نیوز
ضلعی انتظامیہ کا دفتر ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار سے 20 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے---فائل فوٹو: ڈان نیوز

کرم: قبائلی ضلع کرم کے قصبہ سدہ میں مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں میں 8 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عہدیداروں نے بتایا کہ ایک ہجوم نے قصبے میں ضلعی انتظامیہ کے دفاتر پر حملہ کیا۔

مزیدپڑھیں: شمالی وزیرستان میں آپریشن، ایل او سی پر فائرنگ سے 4 فوجی جوان شہید

ضلعی انتظامیہ کا دفتر ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار سے 20 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔

مظاہرین نے دفاتر پر پتھراؤ کیا جس کے بعد اہلکار فائرنگ کرنے پر مجبور ہوگئے۔

ایک مقامی بزرگ حاجی سیف اللہ نے بتایا کہ مظاہرین مرکزی بازار کی طرف جارہے تھے جب فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے ایک چیک پوسٹ پر روکنے کے لیے فائرنگ شروع کردی۔

ضلعی انتظامیہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ فائرنگ سے 8 افراد زخمی ہوئے جن میں 3 کی حالت تشویشناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر دہشت گردوں کا حملہ، افسر سمیت 6 جوان شہید

زخمیوں کو تھیل گیریژن کے فوجی ہپستال منتقل کردیا گیا ہے۔

سدہ قصبے میں سیل فون سگنلز اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کے ساتھ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

تاہم بھاری اور ہلکی ٹریفک کے لیے مرکزی شاہراہ کھول دی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پارلیمنٹیرینز سمیت انتظامیہ عہدیداروں اور عمائدین کے مابین بات چیت جاری ہے۔

افغانستان سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے فوجی اہلکار شہید

دوسری جانب قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں ہفتہ کی شب افغانستان سے دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان کے مطابق بین الاقوامی سرحد کے اس پار سے دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے قبائلی ضلع میں ایک فوجی چوکی پر فائرنگ کردی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی جوانوں نے مناسب انداز میں حملے کا جواب دیا۔

مزیدپڑھیں: جنوبی وزیرستان: دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ، پاک فوج کے 4 جوان شہید

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں جھنگ سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ فوجی جوان عمر دراز گولی لگنے سے زخمی ہوا اور شہید ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے افغانستان سے کہا ہے کہ وہ پاک افغان سرحد کے اطراف میں موثر انتظام اور کنٹرول کو یقینی بنائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف سرگرمیوں کے لیے افغان سرزمین کے مستقل استعمال کی مذمت کرتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 ستمبر 2024
کارٹون : 19 ستمبر 2024