وزیر خارجہ 3 روزہ دورے پر عراق پہنچ گئے

اپ ڈیٹ 28 مئ 2021
عراقی وزیر خارجہ اور دیگر قیادت سے ملاقات میں اہم امور پر بات ہوگی-فوٹو: دفترخارجہ
عراقی وزیر خارجہ اور دیگر قیادت سے ملاقات میں اہم امور پر بات ہوگی-فوٹو: دفترخارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی عراقی ہم منصب کی دعوت پر تین روزہ دورے پر عراق پہنچ گئے۔

دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق بغداد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر عراق کے نائب وزیر خارجہ ڈاکٹر صالح التمیمی، پاکستان میں عراقی سفیر حامد لفطہ، عراق میں پاکستان کے نامزد سفیر احمد امجد علی اور عراقی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ اپنے تین روزہ دورہ عراق کے موقع پر عراقی وزیرخارجہ فواد حسین اور عراق کی دیگر اعلیٰ قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہو گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی عراقی قیادت کو مسئلہ فلسطین، مسئلہ کشمیر، افغان امن عمل سمیت اہم علاقائی امور پر پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کریں گے، اس دوران پاکستان اور عراق کے مابین، او آئی سی، اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی اداروں، کی سطح پر دو طرفہ تعاون پر فروغ بھی زیر بحث آئے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ، ہر سال عراق جانے والے ہزاروں پاکستانی زائرین کی سہولت اور بہتر سفری انتظامات کے لیے عراقی قیادت سے بات چیت کریں گے۔

قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی عراقی ہم منصب کی دعوت پر آج صبح عراق کے 3 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے تھے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیر خارجہ، عراقی ہم منصب فواد حسین سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، کثیرالجہتی اداروں بالخصوص اقوام متحدہ، اس کے ذیلی اداروں اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں دوطرفہ تعاون کے فروغ، مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی، عراق کے صدر برہام صالح سمیت عراق کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 'عراق میں داعش کو شکست دینے میں پاکستان نے مدد کی'

دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ شاہ محمود قریشی کا دورہ گزشتہ چند ماہ کے دوران دونوں جانب سے وزارتوں کی سطح پر ہونے والے دوروں کے پس منظر کے تحت ہو رہا ہے، جو دونوں ممالک کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

ان کے دورے میں عراقی قیادت کے ساتھ دوطرفہ سیاسی و دفاعی تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوگی۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کا یہ دورہ عراق، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں مسلم ممالک کے ساتھ اعلیٰ سطح کے روابط کے فروغ کی ایک کڑی ہے اور توقع ہے کہ وزیر خارجہ کے اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں