باراتیوں کو مٹن کڑاہی نہ کھلانے پر دلہے کا شادی سے انکار

اپ ڈیٹ 27 جون 2021
لڑکی والوں نے باراتیوں کو منانے کی کوشش کی لیکن بارات واپس چلی گئی—فائل فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام
لڑکی والوں نے باراتیوں کو منانے کی کوشش کی لیکن بارات واپس چلی گئی—فائل فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام

آج کل بھارت میں دلہا اور دلہن کی جانب سے احمقانہ وجوہات کی بنیاد پر شادی توڑنے کی عجیب و غریب خبریں سامنے آرہی ہیں۔

ایسا ہی ایک واقعہ بھارت کی ریاست اوڈیشا میں بھی پیش آیا جہاں دلہا نے باراتیوں کو مٹن کڑاہی پیش نہ کرنے پر شادی سے انکار کردیا۔

ضلع جے پور کے علاقے سکندا میں دلہے نے شادی کی رسومات سے چند لمحے قبل باراتیوں کو مٹن کڑاہی پیش نہ کرنے کی وجہ سے شادی سے انکار کردیا۔

مزید پڑھیں: دلہا کے 'گٹکا' کھانے پر دلہن کا شادی سے انکار

انڈیا ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق 27 سالہ دلہا جس کی شناخت رماکانت پترا کے نام سے ہوئی وہ دلہن کے گھر والوں کی جانب سے ان کے رشتہ داروں کو کھانے میں مٹن کڑاہی کھلانے میں ناکامی پر پریشان ہوگئے تھے۔

یہ واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا جب سکندا بلاک کے بندھا گاؤں میں دلہا اور باراتی پہنچے اور انہیں دوپہر کے کھانے کے لیے لے جایا گیا تھا۔

تاہم باراتیوں میں شریک کچھ افراد نے مٹن کڑاہی کا مطالبہ کیا لیکن وہ ڈِش تیار ہی نہیں تھی جس پر باراتیوں اور دلہن کے گھروالوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور صورتحال کافی خراب ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا سے متاثرہ شخص کی ہسپتال میں شادی، دُلہن حفاظتی لباس میں ملبوس

جب دلہا کے علم میں یہ بات آئی کہ باراتیوں کے لیے کھانے میں مٹن کڑاہی تیار نہیں کی گئی تھی تو اس نے شادی سے انکار کردیا۔

بعدازاں لڑکی والوں نے باراتیوں کو منانے کی کوشش کی لیکن بارات واپس چلی گئی اور ایک رشتے دار کے گھر قیام کیا۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ واقعے کے اگلے روز دلہے نے اپنے گاؤں واپسی سے قبل دوسری خاتون سے شادی کرلی۔

تبصرے (0) بند ہیں