اوپو رینو 7 سیریز کی قیمتیں لانچ سے قبل لیک

11 نومبر 2021
رینو 7 کا ممکنہ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ گیز چائنا
رینو 7 کا ممکنہ ڈیزائن — فوٹو بشکریہ گیز چائنا

اوپو کی رینو 7 سیریز کے اہم فیچرز کی تفصیلات ایک بار پھر لیک ہوکر سامنے آئی ہیں۔

تفصیلات کے ساتھ فونز کی ممکنہ قیمت بھی لیک ہوئی ہیں۔

کمپنی کی جانب سے ابھی تک فونز کی تصدیق نہیں کی گئی مگر متعدد رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رینو 7 سیریز کو بہت جلد متعارف کرایا جارہا ہے۔

اکتوبر میں رینو 7، رینو 7 پرو اور رینو 7 ایس ای کی تمام تر تفصیلات لیک ہوئی تھیں جو ممکنہ طور پر 2021 کے اختتام سے پہلے پیش کردیئے جائیں گے۔

اب نئی لیک میں ان فونز کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں اور حیران کن طور پر یہ تفصیلات سابقہ رپورٹس میں بیان کیے گئے فیچرز سے مختلف ہے۔

نئی لیک میں بتایا گیا کہ یہ سیریز 4 فونز پر مشتمل ہوگی جن میں رینو 7، پرو، پرو پلس اور ایس ای ماڈلز شامل ہوں گے۔

لیک میں یہ بھی بتایا گیا کہ رینو 7 سیریز کے تمام فونز 90 ہرٹز ریفریش ریٹ ڈسپلے سے لیس ہوں گے اور ممکنہ طور پر امولیڈ ڈسپلے کا استعمال کیا جائے گا۔

رینو 7 پرو میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 778 جی پراسیسر دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ بیک پر 64 میگا پکسل مین کیمرا ہوگا۔

4500 ایم اے ایچ بیٹری 60 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ سے لیس ہوگی۔

اس کے مقابلے میں رینو 7 میں میڈیا ٹیک کا ڈیمینسٹی 900 پراسیسر موجود ہوگا اس کا بیک مین کیمرا بھی 64 میگا پکسل کا ہوگا جبکہ 4500 ایم اے ایچ بیٹری 33 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ سے لیس ہوگی۔

رینو 7 پرو پلس میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ 65 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہوگی جبکہ ڈیمینسٹی 1200 میکس پراسیسر استعمال کیا جائے گا۔

پرو پلس میں بیک پر مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہوگا۔

رینو 7 کے 8 جی بی یرم اور 128 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی قیمت 3499 یوآن (95 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھے جانے کا امکان ہے جبکہ 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والے فون کے لیے 3999 یوآن (ایک لاکھ 8 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کرنا ہوں گے۔

رینو 7 پرو کی قیمت 4299 یوآن (ایک لاکھ 30 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی جبکہ رینو 7 ایس کی قیمت 2566 یوآن (70 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں