بلوچستان کابینہ نے صحت کارڈ اسکیم کی منظوری دے دی

اپ ڈیٹ 02 فروری 2022
اجلاس کی صدار وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کی— فوٹو: ٹوئٹر
اجلاس کی صدار وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کی— فوٹو: ٹوئٹر

بلوچستان کابینہ نے ہیلتھ کارڈ اسکیم کے آغآز، کسانوں کی رجسٹریشن کی کر کے انہیں صحت کارڈ کے ساتھ کسان کارڈ فراہم کرنے اور محکمہ جاتی کمیٹیوں کے ذریعے گریڈ 3 سے گریڈ 15 تک خالی اسامیوں پر میرٹ پر بھرتیاں کرنے کی منظوری دے دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ فیصلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس کے بعد صوبائی وزیر کمیونکیشن اینڈ ورکس سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات بشریٰ رند کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کابینہ کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان کابینہ میں اختلافات شدت اختیار کرگئے، وزیر سے قلمدان واپس لے لیا گیا

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے مختلف محکموں میں قواعد و ضوابط کے خلاف اسامیوں پر بھرتیاں کرنے والے متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے لوکل گورمنٹ ترمیمی ایکٹ، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے 361 معطل ملازمین کی بحالی اور محکمہ جاتی کمیٹیوں کے تحت 3 سے 15 گریڈ کی خالی اسامیوں پر بھرتیوں کی بھی منظوری دی۔

اس کے علاوہ صوبائی کابینہ نے اپوزیشن اراکین کے حلقوں کے ترقیاتی فنڈ کی بھی منظوری دی ہے۔

اجلاس کے دوران کابینہ کی جانب سے لینڈ ریویو ایکٹ 1967، ای-اسٹیمپ رول 2021 اور بلوچستان فشریز رولز 1971 میں ترامیم کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے پیدا ہونے والا بحران برقرار

صوبائی کابینہ کی جانب سے بلوچستان فاریسٹ ایکٹ 2021 کا مسودہ بھی منظور کرلیا گیا ہے، جس کا مقصد جنگلات اور جنگلی حیات کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

اجلاس میں صنعتی ترقی اور بلوچستان آرکیالوجی رول2021 کا مسودہ منظور کیا گیا۔

علاوہ ازیں کابینہ اجلاس کے دوران موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 کے تحت مال بردار گاڑیوں کےلیے کیریج کانٹریکٹ فیس بڑھانے کی منظوری بھی دی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں