’ڈسکو کنگ‘ بپی لہری کی آخری رسومات ادا

اپ ڈیٹ 18 فروری 2022
گلوکار کی آخری رسومات میں متعدد شخصیات نے شرکت کی—فوٹو: نیوز 18
گلوکار کی آخری رسومات میں متعدد شخصیات نے شرکت کی—فوٹو: نیوز 18

بولی وڈ کے ’ڈسکو کنگ‘ کہلائے جانے والے موسیقار و گلوکار آلوکیش لہری المعروف بپی لہری کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔

بپی لہری 16 فروری کی صبح کو کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد 69 برس کی عمر میں چل بسے تھے، انہوں نے 6 دہائیوں تک موسیقی میں خدمات سر انجام دیں۔

بپی لہری کی آخری رسومات ریاست مہاراشٹر کے ولے پارلے شمشمان گھاٹ میں ادا کی گئیں اور ان کے بیٹے نے آخری رسومات ادا کیں۔

خبر رساں ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) کے مطابق بپی لہری کی آخری رسومات میں ان کے تمام اہل خانہ اور شوبز شخصیات سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

بپی لہری کے بیٹے 17 فروری کو ہی امریکا سے وطن پہنچے تھے اور ان کے پہنچنے کے فوری بعد گلوکار کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔

بپی لہری کی آخری رسومات میں کمار سانو، شان، ایلکا یاگنک اور میکا سنگھ سمیت کئی گلوکاروں اور موسیقاروں نے بھی شرکت کی جب کہ ودیا بالن اور سنیل پال سمیت متعدد اداکار بھی ان کی آخری رسومات میں شریک ہوئے۔

’ڈسکو کنگ‘ کی آخری رسومات سے قبل ہی لوگ شمشان گھاٹ پہنچ چکے تھے جب کہ مداح کل سے بپی لہری کے گھر کے باہر موجود تھے۔

بپی لہری کو بولی وڈ کی فلموں میں ڈسکو گانے شامل کرنے کی وجہ سے منفرد اہمیت حاصل رہی، انہوں نے سب سے زیادہ 1980 سے 1995 تک ریلیز ہونے والی فلموں کے گانے بنائے۔

بپی لہری نے فلموں گانوں میں تیز اور ڈسکو میوزک کا تڑکا لگا کر انہیں نہ صرف جنوبی ایشیائی ممالک بلکہ مغربی ممالک میں بھی مقبول بنایا۔

بپی لہری کے ڈسکو گانے کی دھنوں کو نہ صرف بھارتی بلکہ مغربی موسیقار بھی کاپی کیا کرتے تھے۔

بپی لہری کے پڑ پوتوں اور نواسوں نے بھی آخری رسومات میں شرکت کی—فوٹو: نیوز18
بپی لہری کے پڑ پوتوں اور نواسوں نے بھی آخری رسومات میں شرکت کی—فوٹو: نیوز18

ڈسکو موسیقی کے علاوہ بپی لہری کو ہر وقت سونے، چاندی، ہیروں اور جواہرات کے زیور پہن کر رکھنے کی وجہ سے بھی شہرت حاصل تھی۔

بپی لہری کے پاس 2021 تک 75 کلو سونے کے زیورات موجود تھے جب کہ ان کے پاس چاندی اور ہیروں سے جڑے زیورات بھی تھے۔

ودیا بالن بھی آخری رسومات میں شریک ہوئیں—فوٹو: نیوز 18
ودیا بالن بھی آخری رسومات میں شریک ہوئیں—فوٹو: نیوز 18

وہ 27 نومبر 1952 کو مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی میں پیدا ہوئے تھے، بپی لہری کو بچپن سے ہی گلوکاری کا شوق تھا، انہوں نے کئی چھوٹی و بڑی فلموں میں اداکاری بھی کی۔

گلوکارہ ایلکا یاگنک بھی شریک ہوئیں—فوٹو: نیوز 18
گلوکارہ ایلکا یاگنک بھی شریک ہوئیں—فوٹو: نیوز 18

بپی لہری نے آخری بار 2020 میں ٹائیگر شروف کی فلم ’باغی تھری‘ کے لیے ’بھنکاس‘ نامی ڈسکو گانا تیار کیا تھا جو کہ دراصل ان کے 1984 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تحفہ‘ کا گانا تھا، جسے انہوں نے نئے انداز میں پیش کیا تھا۔

آخری بار انہوں نے 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اندو سرکار‘ کے گانے ’دلی کی رات‘ میں انمول ملک کے ہمراہ آواز کا جادو جگایا تھا اور ان کے گانے کو کافی سراہا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں