• KHI: Maghrib 6:38pm Isha 7:54pm
  • LHR: Maghrib 6:11pm Isha 7:33pm
  • ISB: Maghrib 6:17pm Isha 7:41pm
  • KHI: Maghrib 6:38pm Isha 7:54pm
  • LHR: Maghrib 6:11pm Isha 7:33pm
  • ISB: Maghrib 6:17pm Isha 7:41pm

تقریبا 2 من سونا رکھنے والے ’ڈسکو‘ کنگ بپی لہری

شائع February 16, 2022
بپی لہری نے آخری گانا 2020 میں ترتیب دیا تھا—اسکرین شاٹ
بپی لہری نے آخری گانا 2020 میں ترتیب دیا تھا—اسکرین شاٹ

بولی وڈ کو ’تھوڑا ریشم لگتا ہے، ڈسکو ڈانسر، دلی کی رات، جوانی جانمن، تما تما لوگے‘ سمیت کئی ڈسکو گانے دینے والے بپی لہری کے انتقال کے بعد مداح انہیں ان کے بنائے گئے شہرہ آفاق گانوں کے ذریعے خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔

بپی لہری کا اصل نام آلوکیش لہری تھا، وہ 27 نومبر 1952 کو مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی میں پیدا ہوئے تھے۔

بپی لہری کو بچپن سے ہی گلوکاری کا شوق تھا، انہوں نے کئی چھوٹی و بڑی فلموں میں اداکاری بھی کی، انہیں ’ڈسکو کنگ‘ بھی کہا جاتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: معروف بھارتی گلوکار و موسیقار بپی لہری 69 سال کی عمر میں چل بسے

بپی لہری نے 1980 سے لے کر 1995 تک بولی وڈ فلموں کے لیے ایسے ڈسکو گانے تیار کیے، جن کی دھنیں نہ صرف جنوبی ایشیائی ممالک میں مقبول ہوئیں بلکہ مغربی گلوکاروں نے بھی ان کی دھنیں چوری کیں۔

بپی لہری کو جہاں ان کی ڈسکو موسیقی اور دھنوں کی وجہ سے شہرت حاصل تھی، وہیں انہیں منفرد فیشن انداز کے باعث بھی مقبولیت حاصل تھی، وہ ہمیشہ سونے، ہیرے اور جواہرات کے زیورات سے سجے ہوئے دکھائی دیتے تھے۔

مزید پڑھیں: بھارتی گلوکار بپی لہری بھی کورونا کا شکار ہوگئے

بپی لہری کو جتنا موسیقی اور شوبز سے لگاؤ تھا، اتنی ہی انہیں سونے اور چاندی کے زیورات سے دلچسپی تھی اور انہیں زندگی کے آخری ایام تک زیورات کے ساتھ دیکھا گیا۔

بھارتی ویب سائٹ ’دی کئنٹ‘ کے مطابق بپی لہری کے پاس 2021 تک تقریبا دو من سونا تھا۔

ویب سائٹ کے مطابق بپی لہری کے پاس 75 کلو سونے سے بنے زیورات تھے جب کہ ان کے پاس چاندی، ہیرے اور جواہرات کے زیورات بھی تھے مگر وہ زیادہ تر سونا استعمال کرتے تھے۔

اگرچہ تین سال قبل یہ خبریں بھی آئیں کہ بیماری اور زائد العمری کی وجہ سے وہ بولنے سے بھی قاصر ہیں، تاہم بعد ازاں انہوں نے ایسی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے مختلف محفلوں میں آواز کا جادو بھی جگایا۔

بپی لہری نے آخری بار 2020 میں ٹائیگر شروف کی فلم ’باغی تھری‘ کے لیے ’بھنکاس‘ نامی ڈسکو گانا تیار کیا تھا جو کہ دراصل ان کے 1984 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تحفہ‘ کا گانا تھا، جسے انہوں نے نئے انداز میں پیش کیا تھا۔

بپی لہری نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران اپنے متعدد پرانے مقبول گیتوں کو نئے انداز میں پیش کیا، ایسے ہی گانوں میں ’دلی کی رات‘ بھی شامل ہے۔

بپی لہری کو جہاں ڈسکو گانوں کی وجہ سے مقبولیت حاصل رہی، وہیں انہوں نے متعدد رومانوی گانوں کی دھنیں بھی تیار کیں اور اپنے ہی تیار کردہ کئی گانوں میں انہوں نے آواز کا جادو بھی جگایا۔

آخری بار انہوں نے 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم ’اندو سرکار‘ کے گانے ’دلی کی رات‘ میں انمول ملک کے ہمراہ آواز کا جادو جگایا تھا اور ان کے گانے کو کافی سراہا گیا تھا۔

ان کے دیگر مقبول اور سب سے زیادہ مشہور گانوں میں ’ٓآئی ایم ڈسکو ڈانسر، تما تما لوگے، رات باقی، بات باقی، انتہا ہوگئی انتظار کی، جوانی جانمن، تھوڑی سی جو پی لی ہے، کسی نظر کو تیرا انتظار آج بھی ہے، بمبئے سے آیا میرا دوست، جمی جمی، یار بنا چین کہاں رے، چلتے چلتے یہ میرے گیت، او لیلا او لیلا، تو نے ماری انٹریاں اور دیگر شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 13 ستمبر 2024
کارٹون : 12 ستمبر 2024