بھارت: بس میں آگ لگنے سے 12 افراد ہلاک

08 اکتوبر 2022
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہے—فوٹو: اسکرول اِن
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہے—فوٹو: اسکرول اِن

بھارت کی ریاست مہاراشترا کے شہر ناشک میں بس میں آگ لگنے سے 12 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے کہا کہ واقعے میں 30 سے زائد زخمی افراد کا علاج مقامی سول ہسپتال میں کیا گیا البتہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: باراتیوں سے بھری بس کھائی میں جا گری، 25 مسافر ہلاک

مقامی میڈیا کے مطابق ڈیزل ٹینکر سے ٹکرانے کے بعد بس میں آگ لگی، سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آگ نے بس کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’ناشک میں بس میں آگ لگنے کا واقعہ افسوسناک ہے‘ انہوں نے حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دینے والے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

نریندر مودی نے کہا کہ ’ہلاک افراد کے اہلخانہ کو 2،2 لاکھ جبکہ زخمی افراد کے اہل خانہ کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے‘۔

انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں اور مقامی انتظامیہ متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔

اس کے علاوہ مہاراشترا کے وزیر اعلیٰ اکنتھ شندھ نے ہلاک افراد کے اہل خانہ کی مالی مدد کے لیے 5،5 لاکھ روپے کا اعلان کیا اور کہا کہ زخمی افراد کے علاج کا خرچہ بھی حکومت برداشت کرے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں